علامۂِ فلسفہ
علامۂِ فلسفہ (doctor of philosophy / اختصار انگریزی Ph.D) ایک تعلیمی سند ہے جو اس سند کو حاصل کرنے والے طالب علم کے درجۂ تعلیم (educational degree) کو ظاہر کرتی ہے اور عام طور پر جامعات کی جانب سے فارغ التحصیل ہونے پر فاضل الکلیہ شخص کو عطاء کی جاتی ہے۔ تعلیمی اسناد میں حاصل کیے جانے والے اس درجۂ تعلیم کی حیثیت سب سے افضل تسلیم کی جاتی ہے اور اس اعلٰی ترین درجۂ تعلیم کے حصول سے قبل، طالب علم کو فاضل (bachelor) اور ماہر (master) کے مدارج سے گذرنا ہوتا ہے۔ عام طور پر علم و فضیلت کے اس درجے کو علمائی (doctorate) کا حصول سمجھا جاتا ہے اور اس علمائی کو حاصل کرنے والی شخصیت علامہ (doctor) کے لقب سے یاد کی جاتی ہے، متعدد اوقات یہ دونوں درجات العلم آپس میں بطور متبادل بھی استعمال ہوتے ہوئے دیکھے جاتے ہیں۔ یہاں ایک اہم بات یہ ہے کہ گو اس بعد التحصیل (post-graduation) درجۂ علم کے نام کے ساتھ فلسفہ لگایا جاتا ہے لیکن یہاں اس سے مراد اس کے یونانی بنیادی مفہوم شغف یا حب کے ہوا کرتے ہیں گویا حب العلم؛ اور یہ علامۂ فلسفہ یعنی PhD کی تعلیم کسی بھی شعبۂ علم میں ہو سکتی ہے نا کہ محض فلسفے میں۔