چالا اُزبک زبان کی اصطلاح ہے جس کا مطلب ‘نہ یہ اور نہ وہ‘ ہے۔[1] اس اصطلاح میں بخاری یہودیوں کی طرف اشارہ ہے جنہیں اٹھارہویں صدی کے آخر میں مبینہ طور پر زبردستی مسلمان بنایا گیا تھا۔ یہ چالا یہودی بظاہر اسلام پر عمل کرتے ہیں مگر اندرون خانہ یہودی روایات پر کاربند ہیں۔ یہ خفیہ یہودی آپس میں ہی شادی کرتے ہیں اور ایسی جگہوں پر رہتے ہیں جہاں آس پاس یہودی ہوں۔

چالا یہودی اس لیے دوبارہ یہودی نہ ہو سکے کہ اسلام میں مرتد کی سزا موت ہے۔ اس دور میں اسلامی حکمرانی میں مرتد کے لیے سزا موت کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس لیے شاہی روس کے قیام تک اور روسی حکمرانی کی آمد تک چالا یہودی دوبارہ اپنے اصل مذہب کو نہ اپنا سکے۔

19ویں صدی میں چالا کی برادریاں سمرقند، خیوا، قوقند، مارگیلان اور شہرِ سبز میں آئیں۔ زیادہ تر دو یا تین نسلوں کے بعد جا کر چالا مقامی مسلمانوں کے ساتھ شادی کرنے اور اپنی یہودی روایات کو چھوڑنے لگتے تھے۔

1867 میں جب روس نے وسطی ایشیا کو فتح کیا تو چالا نے یہودی مذہب کو اپنانا شروع کر دیا۔ خیوا اور قوقند کو ترکمانستان کی حکومت میں ضم کر دیا گیا، بخارا الگ اور خود مختار رہی اور وہاں اسلام کو چھوڑنے کی سزا موت ہی رہی۔ اس کے نتیجے میں بہت سارے چالا نے غیر قانونی طور پر روس کے مقبوضہ علاقوں کو جانا شروع کر دیا تاکہ یقینی موت سے بچ سکیں۔ اگرچہ روسی قانون کے مطابق ان تارکین وطن کو ان کے وطن واپس بھیجنا ہوتا تھا جہاں یقینی موت ان کی منتظر ہوتی۔ تاہم ان کی بیدخلی کے احکامات کو مستقل ٹالا جاتا رہا اور بہت سارے چالا روسی ترکمانستان کے مستقل رہائشی بن گئے۔ کچھ چالا یہودیوں نے تجارتی اداروں سے تعلق بنا لیا تاکہ روسی سلطنت میں اپنی معاشی اہمیت واضح کر سکیں۔ دیگر خطوں کے برخلاف بخارا میں اسلامی حکومت زیادہ دیر تک قائم ہری، سو جب روسی سلطنت کی توسیع یہاں تک پہنچی تو مقامی چالا خود کو یہودی کہلانا چھوڑ چکے تھے اور پوری طرح مسلم آبادی میں ضم ہو گئے تھے۔[2]

1920 میں جب سوویت حکومت قائم ہوئی تو مذہب کو سرکاری طور پر کالعدم قرار دے دیا گیا۔ اس کے باوجود یہودیوں کو ان کی نسلی بنیاد پر اُزبک اور تاجک کے طور پر پاسپورٹ میں شناخت کیا جاتا تھا۔

حوالہ جات

ترمیم
  1. Mirovalev, Mansur "Uzbekistan's long-persecuted Bukhara Jews" Al Jazeera مئی 5, 2015 http://www.aljazeera.com/indepth/features/2015/04/uzbekistan-long-persecuted-bukhara-jews-150428083657675.html
  2. Kaganovich, Albert "The Muslim Jews – Chala in Central Asia" https://www.academia.edu/4749714/The_Muslim_Jews_Chala_in_Central_Asia