ڈاکٹر محمد علی OBE برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ کی معروف شخصیت ہیں۔ وہ ساؤتھ ایشیا کے لوگوں کی معاشی و تعلیمی مدد کرنے والے ادارے کیوئیسٹ فار اکنامک ڈیولپمنٹ کیو ای ڈی QED کے چیف ایگزیکٹو بھی ہیں۔ ان کے بزرگ پشاور کے علاقے درگئی سے اٹک کے علاقے حضرو اور بعد ازاں ایک بحری جہاز کے ذریعے برطانیہ ہجرت کرکے آئے تھے۔ محمد علی 1956ء کو اٹک کی تحصیل حضرو کے گائوں موسٰی میں پیدا ہوئے۔ 26 جولائی 1969ء کو اپنی والدہ کے ہمراہ برطانیہ چلے آئے۔ برطانیہ کے قانون کے مطابق انھوں نے تعلیم حاصل کی اور مقامی اسکولوں و کالج میں زیر تعلیم رہے۔ ان دنوں بچوں کی عمر زیادہ لکھوا کر انھیں کام پر لگایا جاتا تھا مگر علی کے والد نے بحری جہازوں پر 25 سال تک مزدوری کی تھی، وہ پڑھ لکھ نہیں سکتے تھے اسی لیے انھیں تعلیم کی اہمیت کا اندازہ تھا لہٰذا انھوں نے محمد علی کو ملوں میں مزدوری کرنے کی بجائے تعلیم کے لیے اسکول بھیجا۔

پہلا اسکول ترمیم

محمد علی کو انگریزی سیکھنے کے لیے قائم کیے گئے امیگرنٹ اسکول بھیجا گیا جہاں پر مہاجرین اور تارکین کے بچوں کو انگریزی سکھائی جاتی تھی۔ 1971ء میں انھیں ٹوٹنگ سکینڈری اسکول میں داخلہ دیا گیا۔ ابتدائی چھ ماہ تک انھیں تعلیم کا حصول مشکل لگا مگر بعد ازاں انگریزی پر عبور ہوتا گیا اور تعلیم کا سلسلہ چل پڑا۔ او لیول اور اے لیول پاس کرنے کے بعد انھیں سالفرڈ یونیورسٹی مانچسٹر میں داخلہ مل گیا۔ 1979ء میں انھوں نے ہڈرز فیلڈ سے بی ایس سی کا امتحان پاس کیا۔ 1990ء تک مخلتف اداروں میں کام کرنے کے بعد انھیں ایک ادارے سے فارغ کر دیا گیا چونکہ کمپنی بند کردی گئی تھی۔ اسی برس انھوں نے اپنے ادارے کیو ای ڈی کی بنیاد رکھی۔

کیوای ڈی کا قیام ترمیم

کیو ای ڈی 1990ء میں قائم کرنے کا خیال محمد علی کے ذہن میں اس وقت آیا جب لندن میں واقع اس ادارے کو تحلیل کر دیا گیا جہاں وہ ملازم تھے۔ ملازمت کے خاتمے کے فوری بعد انھوں نے اپنا فلاحی ادارہ قائم کرنے کا ارادہ کیا جس کی بنیاد 1990ء میں رکھی۔ ابتدا میں کچھ اداروں نے انھیں مالی تعاون فراہم کیا جس کے بعد کیو ای ڈی اپنے پیروں پر کھڑا ہو گیا اور آج ایک ایسا مضبوط ادارہ ہے جو لوگوں کو معاونت فراہم کرتا ہے۔ لوگوں کو ملازمت فراہم کرنے علاوہ ان افراد کی بھی مدد کی جاتی ہے جو پڑھ لکھ نہیں سکتے۔

بیرون ملک سفر ترمیم

محمد علی اپنے ادارہ کی جانب سے امریکا، آئرلینڈ، ناروے، اٹلی، فرانس، سویڈن و دیگر ممالک کا سفر بھی کرچکے ہیں۔

ملکہ برطانیہ کی جانب سے اعزاز ترمیم

ڈاکٹر محمد علی کو 1995ء میں ملکہ برطانیہ ملکہ الزیبتھ دوم کی جانب سے ایشیائی کمیونٹی کے لیے ان کی فلاحی و سماجی خدمات کے اعتراف میں او بی ای OBE (آڈر آف برٹش ایمپائر) کے اعزاز سے نوزا گیا۔ ان کی پسندیدہ شخصیات میں سرسید احمد خان شامل ہیں۔