ڈگلس پورہ
1920ء میں سرکلر روڈ سے باہر فیصل آباد کا پہلا باقاعدہ رہائشی علاقہ ڈگلس پورہ قائم ہوا۔ اب اس کا نیا نام حسین پورہ ہے۔ یہ علاقہ جی سی یونیورسٹی کے بالمقابل واقع ہے۔
لائلپور میں آٹھ بازاروں سے باہر دو اہم رہائشی علاقے تھے ڈگلس پورہ اور گرو نانک پورہ۔ لائلپور میں اکثریت سکھوں اور ہندوؤں کی تھی اور آبادی کا تناسب تقریباً 15 فیصد مسلمان اور 85 فیصد ہندو اور سکھ۔
آٹھ بازاروں سے باہر بننے والا سب سے پہلا رہائشی علاقہ ڈگلس پورہ تھا۔ ڈگلس پورہ کا نام لائلپور کے اس وقت کے ڈپٹی کمشنر سر ڈگلس کے نام پر رکھا گیا۔
اس علاقے کا رقبہ تقریباً 50 ایکڑ تھا اور اس علاقے میں سکھ، ہندو اور مسلمان تینوں ہی رہائش پزیر تھے۔
ڈگلس پورہ میں مسلمانوں کے مکانات ہندوؤں نے خرید لیے اور اس وجہ سے اس علاقے میں اکثریت سکھوں اور ہندوؤں کی ہو گئی۔ تقسیم کے بعد یہ لوگ انڈیا منتقل ہو گئے اور یہ مکانات زیادہ تر ان لوگوں کو الاٹ کیے گئے جو لدھیانہ اور جالندھر سے آئے۔
آبادی کے اضافے کے ساتھ ایک نئی رہائشی آبادی قیام میں آئی۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں اس وقت گورنمنٹ کالج ہے۔ اس علاقے میں 1920ء میں گورنمنٹ اسکول یا کالج کے لیے جگہ مختص کی گئی تھی۔