گدادھر بھٹ (زمانہ سولہویں صدی) گوڑیہ ویشنوَ فرقے کے بڑے بھکت کویوں میں شمار ہوتا ہے۔ برج بھاشا کے مذہبی شاعر تھے۔ وہ ہندی کے بھکتی شاعروں میں اعلیٰ مقام رکھتے ہیں۔[1]

سوانح

ترمیم

رام چندر شکل کے مطابق گدادھر بھٹ جنوبی ہند کے برہمن تھے۔ ان کی تاریخ پیدائش کے سلسلے میں اختلاف ہے۔ مشر ہندھوؤں کی مرتب کردہ ہندی ادب کی تاریخ اور رام چندر شکل کی رایوں کو مدنظر رکھ کر نئی تحقیق نے گدادھر بھٹ کی تاریخ پیدائش 1513ء سے 1523ء کے درمیان میں طے کی ہے اور ان کی تصانیف کا زمانہ 1540ء سے 1546ء کے درمیان میں قرار دیا ہے۔ بھٹ سنسکرت کے بڑے عالم تھے۔ برج بھاشا پر بھی زبردست قدرت رکھتے تھے۔ بھٹ بھگود گیتا کے بہترین مقرر تھے۔ ایک محقق نابھاجی نے انھیں نیک بااخلاق، وعدہ کے پکے، ہمدرد، بھکت سیوک اور بھگود کا بے مثال مقرر قرار دیا ہے۔ افسوس ہے کہ ان کی کوئی بھی آزاد کتاب دستیاب نہیں۔ مِشر بندھوؤں نے ان کی ایک بانی اور دھیان مالا تصنیف کا ذکر کیا ہے۔ ویوگی ہری نے کچھ پھنکر پدوں کی اطلاع دی ہے۔ گدادھر بھٹ کے نام سے ان کی وانیوں کی جو کتاب شائع ہوئی ہے اس میں 85 پد ہیں۔ دراصل گدادھر نام کے کیے شاعر ہونے کے سبب اس مجموعہ کے استناد پر شک کیا گیا ہے۔ کیونکہ کئی پدوں کے اسلوب میں واضح فرق ہے۔ گدادھر بھٹ نے کرشن لیلا کو بیان کیا ہے۔ رادھا کرشن کی مختلف لیلائیں شادی، تہوار وغیرہ کا بیان ان کی پدوں میں نہایت خوبصورت ڈھنگ سے ہوا ہے۔ گدادھر بھٹ کا بنیادی سروکار رادھا اور کرشن کے عہد شباب کی لیکاؤں سے ہے۔ زبان سنسکرت آمیز ہونے کے باوجود رواں اور شیریں ہے اور یہی ان کا امتیاز ہے۔ مختصر یہ کہ وہ اظہار بیان اور احساس دونوں کے اعتبار سے ہندی کے بھکت کویوں میں اعلیٰ مقام رکھتے ہیں۔[2]

حوالہ جات

ترمیم
  1. https://www.oxfordscholarship.com/mobile/view/10.1093/oso/9780199478866.001.0001/oso-9780199478866-chapter-18
  2. "गदाधर भट्ट"۔ کرشناکوش۔ 06 جنوری 2020 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 24 اکتوبر 2019