مثاین (جمع : مثاینات) کا لفظ مثبت کا مث، آین میں لگا کر بنایا گیا لفظ ہے اور ظاہر ہے کہ اس کا مطلب مثبت آین ہوتا ہے۔ جب کسی تعدیلی جوہر یا سالمے سے کوئی برقیہ (electron) نکل جائے یا اس میں داخل ہو جائے تو اس میں برقی بار کا توازن تعدیلی سے بار دار ہوجاتا ہے اور اسی بار (charge) کے آجانے کے بعد اس کو آین (Ion) کہا جاتا ہے، جبکہ یہ کیمیائی تعامل جس کے ذریعہ بار یا چارج آتا ہے اسے تائین (Ionization) کہتے ہیں۔ اگر آنے والا بار مثبت ہو تو اس کو مثاین (cation) کہا جاتا ہے اور اگر بار منفی ہو تو اس کو مناین (anion) کہتے ہیں۔

شکل اول ---- آئون (ion) کو اردو میں آین بھی لکھا جاتا ہے۔ بالائی شکل میں آین بننے کے عمل کی وضاحت کی گئی ہے۔ آسان طور پر یوں کہا جا سکتا ہے کہ اگر کسی ایک جوہر سے کوئی برقیہ نکل جائے (بائیں) اور دوسرے جوہر میں داخل ہو جائے (دائیں) تو جس جوہر سے برقیہ نکلتا ہے اس پر مثبت برقی بار آکر مثاین بن جاتا ہے اور جس میں داخل ہوتا ہے اس پر منفی برقی بار آکر مناین بن جاتا ہے۔
شکل دوم ---- شکل اول میں دکھائے گئے کیمیائی تعامل کے مکمل ہونے پر ظاہر ہے کہ Cl پر ایک برقیہ آجانے کی وجہ سے اس پر منفی برقی بار آجاتا ہے اور وہ مناین (anion) میں تبدیل ہوجاتا ہے جبکہ Na سے ایک برقیہ نکل جانے کی وجہ سے اس پر ایک مثبت بار آکر وہ مناین (cation) بن جاتا ہے۔ اب یہ مثاین (مثبت) اور مناین (منفی) ایک دوسرے پر برقی سکونی قوت لگاتے ہیں اور ایک دوسرے کو کشش کر کہ ایک کیمیائی بند (chemical bond) بناتے ہوئے NaCl (نمک) کا سالمہ تشکیل کرتے ہیں۔
چند اہم الفاظ

آئون / آین
مثبت آین
مثاین
منفی آین
مناین
تائین

ion
مث + آین -- مثاین
cation
منفی + آین -- مناین
anion
ionization

آین چند ایسے الفاظ میں شامل ہے جس کو اس اردو دائرہ المعارف پر انگریزی سے اپنایا گیا ہے۔ ایسا کرنے کی دیگر وجوہات کے ساتھ ایک قابل ذکر وجہ یہ ہے کہ اس لفظ سے دیگر متعلقہ الفاظ اردو قواعد کے مطابق بنانے میں سہولت ہوگی اور وہ الفاظ اردو میں اجنبی بھی نہیں لگیں کے۔ مثال کے طور پر آین سے انگریزی میں Ionization کا لفظ بنتا ہے جس کو اردو قواعد کی رو سے تائین بنایا جا سکتا ہے۔ اسی طرح جیسے اوپر ذکر آیا کہ مثبت آین کو انگریزی میں cation کہا جاتا ہے جو cathode کی مناسبت سے بنایا گیا لفظ ہے اور اردو میں اسے مثبت سے مث لے کر آین کے ساتھ لگا کر مثاین بنتا ہے۔ اسی طرح منفی آین کو انگریزی میں آئون کہا جاتا ہے جو anode کی مناسبت سے بنایا گیا لفظ ہے اور اردو میں اسے منفی سے من لے کر آین کے ساتھ لگا کر مناین (anion) بنایا جاتا ہے۔ ان الفاظ کی ایک فہرست سامنے شکل کے خانے میں دیکھی جا سکتی ہے۔