سلطنت مالی (انگریزی: Mali Empire) میندن لوگوں کی سلطنت تھی جو مغربی افریقا میں 1235ء سے 1645ء تک قائم رہی۔ مغربی افریقی ممالک (جو زیادہ تر اسی سلطنت کا حصہ رہے ہیں) کے رہن سہن، زبانوں، قوانین و رسوم و رواج پر سلطنت مالی کے وسیع اثرات پائے جاتے ہیں۔ وفاقی دار الحکومت جنوبی صحارہ میں آباد نیانی (Niani) تھا۔ موجودہ جمہوریہ مالی میں نیانی نام کے دو شہر آباد ہیں لیکن تاریخ دانوں کے مطابق ان میں سے کوئی بھی سلطنت مالی کا دار الحکومت نہیں تھا۔

سلطنت مالی کا نقشہ

حدوداربعہ و بشری شماریات

ترمیم

1380ء کے تخمینہ آبادی کے مطابق سلطنت کی آبادی دو کروڑ کے لگ بھگ تھی اور اس کا رقبہ لگ بھگ گیارہ لاکھ مربع کلو میٹر تھا۔ سلطنت موجودہ شمالی گنی اور موجودہ جنوبی مالی کے علاقوں پر مشتمل تھی اور اہم مذاہب میں اسلام اور قدیم افریقی مذاہب شامل تھے۔ زبانوں میں مینڈنگ گروہ کے زبانیں بولی جاتی تھیں، جن میں سے کافی زبانیں موجودہ مغربی افریقی ممالک میں بولی جاتی ہیں۔

اہم تعمیرات میں جینے کی عظیم مسجد (Great Mosque of Djenné) ہے جو آج بھی مالی کے شہر جینے میں واقع ہے اور مٹی گارہ سے تعمیر کی گئی سب سے بڑی موجود عمارت تصور کی جاتی ہے۔

معاشیات

ترمیم

سلطنت کے پھلنے پھولنے کی اہم ترین وجہ تجارت سمجھی جاتی ہے۔ سلطنت میں سونے کی تین کانیں تھیں اور حکومت سونے کے ہر اونس کی تجارت پر ٹیکس وصول کرتی تھی۔ چودھویں صدی عیسوی کے اوائل میں سلطنت مالی دنیا میں سونے کی کل ترسیل کے نصف کی مالک تھی۔

لین دین کے لیے کوئی مخصوص سکہ رائج نہ تھا، تاہم سونے کے ٹکڑوں کو کاروباری لین دین کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ سونے کے بعد دیگر اہم تجارتی لین دین کی اکائیوں کے طور پر نمک اور تانبا بھی استعمال کیا جاتا تھا۔

دفاع

ترمیم

سلطنت مالی کی پیشہ ورانہ فوج تھی جس کا کام سرحدوں کی حفاظت تھا۔ سلطنت کے ہر قبیلہ کے ذمہ لڑنے والے افراد کی ایک تعداد بوقت ضرورت فراہم کرنا تھی۔ اور عروج و زوال کے ادوار میں سلطنت مالی کے لگ بھگ ایک لاکھ افراد پر مشتمل فوج تھی، جنہیں انتہائی کم وقت میں اکٹھا اور سلطنت کے کسی بھی حصہ میں بھیجا جا سکتا تھا۔