معین احسن جذبی

(جذبی سے رجوع مکرر)

معین احسن جذبی ممتاز ترین ترقی پسند شاعروں میں شمار ہوتے ہیں۔

ولادت

ترمیم

اترپردیش کے اعظم گڑھ ضلع میں مبارکپور 21 اگست 1912ء میں پیدا ہوئے۔ مالی بدحالی اور سوتیلی ماں کی بدسلوکی کی وجہ سے وہ بچپن سے اداس رہا کرتے تھے۔ اپنی نجی زندگی سے نظر ہٹاکر انھوں نے اردو شاعری کے لیے اس کے مشہور شخصیتوں کے کام کا مطالعہ کیا۔ انھوں نے ابتدائی عمر سے ان کے اپنے شاعری لکھنے شروع کر دیا۔ 17 سال کی عمر میں انھوں نے ایک دل کو چھو جانے والی نظم لکھی تھی جس کا عنوان تھا "فطرت ایک مفلس کی نظر میں" ۔

تعلیم

ترمیم

ابتدائی تعلیم جھانسی میں حاصل کی۔ 1936ء میں اینگلوعریبک کالج دہلی سے بی اے کیا۔ 1942ء میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم اے کیا۔ اس کے بعد جذبی نے \”حالی کی سیاسی شاعری\” پر مقالہ لکھ کر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ کچھ عرصہ رسالہ \”آج کل\” کے ادارتی فرائض انجام دیے۔ بعد ازاں مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کے شعبۂ اردو میں لیکچرر کے عہدے پر فائز ہوئے اور پروفیسر اور شعبے کے سربراہ کے طور پر ریٹائر ہوئے۔ وہ علی گڑھ کے ہی ہو کر رہ گئے تھے

ملازمت کا آغاز

ترمیم

1945 میں جذبی کا علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اردو ڈپارٹمنٹ میں لیکچرر کے طور پر مقرر ہوئے تھے۔ تدریسی پیشے کے لوازم کے تحت انھوں سے پی ایچ ڈی حاصل کی۔ 1956 میں مولانا حالی کی زندگی کے اوپر تحقیقی مقالہ لکھا تھا۔ ملازمت کے استحکام کے ساتھ ہی ان کی زندگی میں شاعری کے لیے بھی خاصا وقت نکلنے لگا۔

ذاتی زندگی کے مکارم اخلاق

ترمیم

ذاتی زندگی میں یہ ان کی عالی ظرفی ہی کا نتیجہ ہے کہ انھوں نے اپنی سوتیلی ماں کی اچھی دیکھ بھال کی تھی جس کا خود کا رویہ ان کے لیے اچھا نہیں تھا۔

شاعری کا ٓاغاز

ترمیم

جذبی نے باقاعدہ شاعری کا آغاز 1929ء میں کیا۔ شروع میں حامد شاہ جہاں پوری اور صادق دہلوی سے اپنے کلام پر اصلاح لی۔ جذبی نے نظمیں بھی کہی ہیں، مگر بنیادی طور پر وہ غزل کے شاعر تھے۔ ان کے تین شعری مجموعے ”فروزاں،” ، سخنِ مختصر،” اور،”رودادِ شب،” شائع ہوئے۔

ترقی پسند مصنفین کے زمرہ سے وابستگی

ترمیم

جذبی نے اردو ترقی پسند مصنفین تحریک کے ساتھ خود کو منسلک کیا گیا تھا۔ ان کی شاعری "فروزاں"، "سخن مختصر" اور "گداز شب" کے عنوانات کے تحت چھپتی تھی۔ جذبی کی کلّیات کو ساہتیہ اکادمی کی جانب سے بعد از مرگ شائع کیا گیا تھا۔

اعزازات

ترمیم

انھیں مودی غالب ایوارڈ، میر اکادمی ایوارڈ اور اترپردیش اکادمی ایوارڈ کے علاوہ حکومتِ بھارت نے سب سے بڑے ادبی ایوارڈ ”پدم بھوشن” سے نوازا

وفات

ترمیم

ڈاکٹر جذبی 13 فروری 2005ء کو علی گڑھ میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔[1]

نمونہ کلام

ترمیم

مرنے کی دعائیں کیوں مانگوں جینے کی تمنا کون کرے

یہ دنیا ہو یا وہ دنیا اب خواہش دنیا کون کرے

جب کشتی ثابت وسالم تھی، ساحل کی تمنا کس کو تھی

اب ایسی شکستہ کشتی پر ساحل کی تمنا کون کرے

جو آگ لگائی تھی تم نے اس کو تو بجھایا اشکوں سے

جو اشکوں نے بھڑکائی ہے اس آگ کو ٹھنڈا کون کرے

دنیا نے ہمیں چھوڑا جذبؔی ہم چھوڑ نہ دیں کیوں دنیا کو

دنیا کو سمجھ کر بیٹھے ہیں اب دنیا دنیا کون کرے

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ملے غم سے اپنے فرصت، تو سنائیں وہ فسانہ

کہ ٹپک پڑے نظر سے مئے عشرتِ زمانہ

یہی زندگی مصیبت، یہی زندگی مسرت

یہی زندگی حقیقت، یہی زندگی فسانہ

کبھی درد کی تمنّا، کبھی کوششِ مداوہ

کبھی بجلیوں کی خواہش، کبھی فکرِ آشیانہ

مرے قہقہوں کی زد پر کبھی گردشیں جہاں کی

مرے آنسوؤں کی رَو میں کبھی تلخیِ زمانہ

کبھی میں ہوں تجھ سے نالاں، کبھی مجھ سے تو پریشاں

کبھی میں ترا ہدف ہوں، کبھی تو مرا نشانہ

جسے پا سکا نہ زاہد، جسے چھُو سکا نہ صوفی

وہی تار چھیڑتا ہے مرا سوزِ شاعرانہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ہم ایک خواب لیے ماہ و سال سے گذرے

ہزاروں رنج ہزاروں ملال سے گذرے

ہمیں ملا جو کوئی آسماں تو صورت ماہ

نہ جانے کتنے عروج و زوال سے گذرے

کبھی غریبوں کی آہوں میں کی بسر ہم نے

کبھی امیروں کے جاہ و جلال سے گذرے

وہ بے سہارا سے کچھ لوگ جان سے بیزار

خبر ملی ہے کہ اوج کمال سے گذرے

یہ زندگی بھی عجیب راہ تھی کہ ہم جس سے

قدم بڑھاتے جھجکتے نڈھال سے گذرے

حقیقتیں تو نگاہوں کے سامنے تھیں مگر

ہم ایک عمر فریب خیال سے گذرے

حکایت گل و بلبل پہ خندہ زن ہیں وہی

جو شام ہجر نہ صبح وصال سے گذرے

گلے لگاتی ہے منزل انھیں بھی اے جذبیؔ

قدم قدم پہ جو خوف مآل سے گذرے

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کتنی بلندیوں پہ سر دار آئے ہیں

کسی معرکہ میں اہل جنوں ہار آئے ہیں

گھبرا اٹھے ہیں ظلمت شب سے تو بارہا

نالے ہمارے لب پہ شرربار آئے ہیں

اے قصہ گو ازل سے جو بیتی ہے وہ سنا

کچھ لوگ تیرے فن کے پرستار آئے ہیں

پائی گلوں سے آبلہ پائی کہ جب نہ داد

دیوانے ہیں کہ سوئے لب خار آئے ہیں

غم خواریوں کی تہ میں دبی سی مسرتیں

یوں میرے پاس بھی مرے غم خوار آئے ہیں

پہنچے ہیں جب بھی خلوت دل میں تو اے ندیم

اکثر ہم اپنے آپ سے بے زار آئے ہیں

اس بزم میں تو مے کا کہیں ذکر تک نہ تھا

اور ہم وہاں سے بے خود و سرشار آئے ہیں

اس کی گلی میں ہم نے لٹا دی متاع جاں

اس کی گلی سے ہم تو سبک سار آئے ہیں

کرتے رہے ہیں فن کی پرستش تمام عمر

محشر میں کیسے کیسے گنہ گار آئے ہیں

جذبیؔ جو ہو سکے تو مری حیرتوں سے پوچھ

کس طرح میرے ذہن میں اشعار آئے ہیں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

داغِ غم دل سے کسی طرح مٹایا نہ گیا

میں نے چاہا بھی مگر تم کو بھلایا نہ گیا

عمر بھر یوں تو زمانے کے مصائب جھیلے

تیری نظروں کا مگر بار اٹھایا نہ گیا

روٹھنے والوں سے اتنا کوئی جا کر پوچھے

خود ہی روٹھے رہے یا ہم سے منایا نہ گیا

پھول چننا بھی عبث ، سیرِ بہاراں بھی پھول

دل کا دامن ہی جو کانٹوں سے بچایا نہ گیا

اُس نے اس طرح محبت کی نگاہیں ڈالیں

ہم سے دنیا کا کوئی راز چھپایا نہ گیا

تھی حقیقت میں وہی منزلِ مقصد جذبیؔ

جس جگہ تجھ سے قدم آگے بڑھایا نہ گیا

حوالہ جات

ترمیم
  1. "Moin Ahsan Jazbi by Afzal M Khan"۔ 27 جنوری 2013 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 23 نومبر 2014