حرارتی کیمیا حرارتی توانائی کا مطالعہ ہے جو کیمیائی تعامل اور/یا مرحلے کی تبدیلیوں جیسے پگھلنے اور ابلنے سے وابستہ ہے۔ ایک کیمیائی تعامل توانائی کو باہر نکالتا ہے یا جذب کرتا ہے اور اسی طرح ایک مرحلے میں تبدیلی (ٹھوس سے مائع یا مائع سے گیس) کے دوران بھی ہوتا ہے۔ حرارتی کیمیا حرارت کی شکل میں نظام اور اس کے گرد و نواح کے درمیان توانائی کے تبادلے پر مرکوز ہے۔ حرارتی کیمیا دیے گئے تعامل کے دوران معملات reactants اور مصنوعات products کی مقدار کی پیش گوئی کرنے میں مفید ہے۔ اینٹروپی کے تعین کے ساتھ مل کر، اس کا استعمال یہ پیشین گوئی کرنے کے لیے بھی کیا جاتا ہے کہ آیا کوئی تعامل بے ساختہ ہے یا غیر خود ساختہ، سازگار ہے یا ناموافق ہے۔

حرارت گیر تعامل حرارت کو جذب کرتے ہیں، جب کہ حرارت زا تعامل حرارت خارج کرتے ہیں۔ حرارتی کیمیا حرحرکیات کے تصورات کو کیمیائی جوڑ کی شکل میں توانائی کے تصور کے ساتھ یکجا کرتی ہے۔ اس موضوع میں عام طور پر ایسی مقداروں کا حساب شامل ہوتا ہے جیسے حرارت کی گنجائش، دہن کی حرارت، تشکیل کی حرارت، اینتھالپی، اینٹروپی اور آزاد توانائی شامل ہیں۔

دنیا کا پہلا آئس کیلوری میٹر ، جسے سن 1782-83ء کے موسم سرما میں استعمال کیا گیا، انٹون لاوائسیئر اور پیئر سائمن لاپلاس نے، مختلف کیمیائی تبدیلیوں میں پیدا ہونے والی حرارت کا تعین کرنے کے لیے؛ حسابات جو جوزف بلیک کی اویکت حرارت کی پیشگی دریافت پر مبنی تھے۔ یہ تجربات حرارتی کیمیا کی بنیاد کا سنگ میل ہیں۔

حرارتی کیمیا کیمیائی حرحرکیات کے وسیع میدان کا ایک حصہ ہے، جو نظام اور گرد و نواح کے درمیان توانائی کی تمام اقسام کے تبادلے سے متعلق ہے، جس میں نہ صرف حرارت بلکہ کام کی مختلف شکلوں کے ساتھ ساتھ مادے کا تبادلہ بھی شامل ہے۔ جب توانائی کی تمام شکلوں پر غور کیا جاتا ہے، تو حرارت زا exothermic اور حرارت گیر endothermic تعامل کے تصورات کو exergonic reactions اور endergonic reactions میں عام کیا جاتا ہے۔