دو دھاتی پتری
دو دھاتی پتری bimetalic strip دو مختلف دھاتوں یا بھرتوں alloys سے بنی ہوتی ہے جو ایک دوسرے کے ساتھ نہایت مضبوطی سے جڑی ہوتی ہیں۔۔ گرم کرنے پر دونوں دھاتیں پھیلتی ہیں مگر پھیلنے کی شرح مختلف ہونے کی وجہ سے ایک دھات زیادہ پھیلتی ہے جس کے نتیجے میں پتری قوس کی شکل میں مڑ جاتی ہے۔
گرم کرنے پر قوس کی شکل میں مڑی ایسی پتری کی بیرونی جانب وہ دھات ہوتی ہے جس کے طولی پھیلاو کی شرح زیادہ ہوتی ہے۔ ٹھنڈا کرنے پر پتری مخالف سمت میں جھک جاتی ہے اور اب قوس کی شکل میں مڑی ایسی پتری کی بیرونی جانب وہ دھات ہوتی ہے جس کے طولی پھیلاو کی شرح کم ہوتی ہے۔
دو دھاتی پتری کی اس صلاحیت کو مختلف آلات میں استعمال کیا جاتا ہے مثلا گرم ہونے پر بجلی کی روانی کو آن یا آف کر کے درجہ حرارت کنٹرول کرنا۔ دو دھاتی پتری سے بنے تھرمو اسٹیٹ برقی چولہوں oven, بجلی کی استری، فرج، ایر کنڈشنر، روم ہیٹر، آگ لگنے کے الارم وغیرہ میں بہت عام ہیں۔ جہاں شیشے سے بنے تھرمامیٹر کام نہیں کر سکتے وہاں دو دھاتی پتری سے بنے تھرمامیٹر استعمال ہوتے ہیں۔
دو دھاتی پتری میں عام طور پر فولاد یعنی اسٹیل اور تانبا یا پیتل استعمال ہوتا ہے۔
مزید دیکھیے
ترمیمویکی ذخائر پر دو دھاتی پتری سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |