راشد علی گیلانی
پیدائش: 1889ء
انتقال: 1963ء
عراقی رہنما۔ ترکی لا کالج میں تعلیم حاصل کی۔ 1932ء میں شاہ عراق کے پرائیوٹ سیکرٹری مقرر ہوئے۔ 1933ء میں وزارت عظمی کے عہدے پر متمکن ہوئے۔ 1935 میں وزارت داخلہ اور وزارت عدلیہ کے عہدوں پر سرفراز ہوئے۔ 1935 میں سیاسی کشمکش اور ہنگاموں کی بدولت جلاوطن کر دئے گئے۔
سید راشد علی عراق میں برطانیہ کی مداخلت کو ناپسندکرتے تھے۔ انھوں نے 4 اپریل 1941ء میں علم بغاوت بلند کرکے حکومت پر قبضہ کر لیا اور امر عبد اللہ کو ریجنٹ کے عہدے سے علاحدہ کر دیا۔ حکومت برطانیہ نے عراق کے تیل کے چشموں کی حفاظت کے بہانے بصرہ میں اپنی فوج اتار دی اور انقلاب عراق کے ایک ہی ماہ بعد سید راشد علی کو عراق سے بھاگنا پڑا۔ 1946ء کے آغاز میں موصوف ایک فرانسیسی جہاز پر ملازم ہو کر مارسیلز سے سعودی عرب پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ جولائی 1958ء میں عراقی انقلاب کے بعد سید راشد علی واپس بغداد آ گئے لیکن کچھ عرصہ بعد عراق کو متحدہ عرب جموریہ میں مدغم کرنے کے سوال پر جنرل عبد الکریم قاسم سے آپ کا اختلاف ہو گیا اور آپ کو دوبارہ ترک وطن کرکے مصر جانا پڑا۔ قاہرہ ہی میں انتقال ہوا۔