شاعرہ

سمیرا سلیم ولد سلیم برنباس، (کاجؔل تخلص) ، 27 اپریل کو راولپنڈی میں پیدا ہوئیں۔ کم عمری سے ہی شعر کہنے کا شغف رکھتی ہیں۔ آبا و اجداد کا تعلق نارووال سے ہے۔ ابتدائی تعلیم راولپنڈی میں حاصل کی۔ مسیحی فیملی سے تعلق ہے۔ مادری زبان پنجابی ہے۔ اُردو اور پنجابی دونوں زبانوں میں شاعری کر رہی ہیں۔ علمِ عروض کو جنون کی حد تک اہمیت دیتی ہیں۔ اس موضوع پر لکھی گئی مختلف کتب آپ کے زیر ِمطالعہ رہتی ہیں۔ بقول آپ کے ریختہ ویب سائیٹ پر فن ِعروض کے حوالے سے موجود ویڈیوز سے آپ نے ابتدا میں استفادہ کیا۔ سرحد یونیورسٹی پشاور سے سائیکولوجی میں ماسٹرز کر چکی ہیں۔ وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس سے اُردو زبان و ادب میں بھی ماسٹرز کر چکی ہیں۔ سال 2019ء میں مصر، اردن کے مقدّس مقامات کی زیارت کرنے کی نیّت سے اپنے والد کے ہمراہ سفر کیا۔ واپسی پر سفر نامہ لکھا جسے بہت جلد کتاب کی صورت میں پیش کریں گی۔ بچّوں کے لیے بھی متفرق دلچسپ موضوعات پر نظمیں تخلیق کرتی رہتی ہیں۔ آپ ایک سرکاری ادارہ میں بھی فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔ آپ کا پہلا شعری مجموعہ "اعتبار کے سب موسم جا چکے" اور دوسرا شعری مجموعہ "کچھ کمی سی لگتی ہے" کے نام سے شائع ہوا۔ غزلوں اور نثری نظموں پر مشتمل تیسرا شعری مجموعہ اور بچّوں کی نظموں کا مجموعہ یہ دونوں کتابیں تکمیل کے مراحل میں ہیں۔