شحجسیمہ (جمع:شحجسیمات / انگریزی: liposome) ایک کروی خردبینی جسم ہوتا ہے جس کی دیواریں یا جھلی شبتابی شحمی دوپرت (phospholipid bilayer) سے بنی ہوتی ہیں۔ جیسا کہ مذکور ہوا کہ یہ جسم خردبینی جسامت کا ہوتا ہے اسی وجہ سے اس کے نام میں جسیمہ (some) لگایا جاتا ہے جبکہ شح (lipo) کا لاحقہ شحم (lipid) کے سالمات کی نمائندگی کرتا ہے جسے عام الفاظ میں چربیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ شبتابی شحمی دوپرت کے سالمات کی تشبیہ ایک گیند نما جسم یا سر اور اس سے نکلتی ہوئی دو عدد دم کی مانند دی جا سکتی ہے (شکل) ان سالمات کا سر نما حصہ شبتاب (phosphorous) کے سالمات رکھتا ہے اور اپنی نوعیت میں آبمائل (پانی پسند) ہوتا ہے جبکہ دم نما حصہ شحم کے سالمات پر مشتمل ہوتا ہے اور اسی وجہ سے آبگریز (پانی ناپسند) ہوتا ہے؛ چونکہ شحجسیمے کا باہر یا بیرونی ماحول آبی ہوتا ہے اس وجہ سے شبتابی شحمی دوپرت کے سالمات کے گول سر نما حصے باہر کی جانب رخ کر لیتے ہیں جبکہ اس کے مرکز کا ماحول بھی آبی ہوتا ہے اور اسی وجہ سے اس کے گرد بھی گول سر نما حصے ترتیب پاتے ہیں جس کی وجہ سے ایک دو پرت والی جھلی بن جاتی ہے جس میں دم نما (چربی پسند / آبگریز) حصے دونوں تہوں یا پرتوں کے اندر کی جانب (ایک دوسرے کی دموں کی جانب ترتیب پا جاتے ہیں)۔ اس قسم کی شبتابی شحمی جھلی اپنی ساخت میں خلوی جھلی (cell membrane) سے مماثلت رکھتی ہے۔

ایک شحجسیمہ کا سہ ابعادی خاکہ جس کی جھلی دو پرتی ہے اور مرکز میں آبمائل (hydrophilic) حصہ دیکھا جا سکتا ہے۔