پروفیسر (ر) محمد شفیع الرحمان فیضی (ولادت 13 اپریل 1940 کٹن چھاٹہ وادی نیلم ۔ وفات 11 ستمبر 2014 بمقام اردو نگر ایبٹ آباد پاکستان) نامور عالم دین تھے ۔ آزاد کشمیر کے موجودہ ضلع نیلم کے علاقہ کٹن کے گائوں چھاٹہ میں سید غلام محی الدین شاہ کے ہاں تیرہ اپریل 1940 کو ولادت ہوئی ۔ آپ اپنے بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے ۔ اس وقت وہ علاقہ تحصیل ٹیٹوال میں شامل تھا بعد ازاں ٹیٹوال تقسیم ہو کر بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں چلا گیا اور آزاد کشمیر کی تحصیل آٹھمقام کو ضلع مظفر آباد سے منسلک کر دیا گیا ۔ آپ نے ابتدائی تعلیم مقامی اسکول سے حاصل کی ۔ بعد ازاں سرگودھا سے ایم اے اسلامیات کی ڈگری حاصل کر کے 1977ء کو آرمی برن ہال کالج جوائن کیا ۔ تیس سال تک آرمی برن ہال کالج ایبٹ آباد میں درس وتدریس سے وابستہ رہے ۔ ان کی ذاتی لائبریری میں دسیوں ہزار کتب موجود ہیں ۔ 2004 میں کالج سے ریٹائرڈ ہوئے ۔ ریٹائرمنٹ کے بعد ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے درمیان واقع قصبہ قلندرآباد کے محلہ اردو نگر میں مقیم ہوئے جہاں 11 ستمبر 2014 ء کو ان کا انتقال ہوا اور وہیں دفن ہوئے ۔ آپ سادات کے گھرانے سے تھے لیکن عمر بھر اپنی سیادت کا اظہار مخفی رکھا ۔ آپ انتہائی متقی ، خداترس ، ذہین اور پارسا انسان تھے ۔ ایک زمانہ آپ کی خوبیوں کا معترف تھا ۔ آپ کی اولاد پانچ بیٹوں اور ایک بیٹی سے ہے ۔ آپ کا سب سے بڑا بیٹا سید حبیب الرحمان شاہ پیرزادہ انیس سال کی عمر میں عین عالم شباب کے دوران بلڈ کینسر کی وجہ سے جاں بحق ہو گیا جس کی قبر ایبٹ آباد سلہڈ میں ہے بیٹے کی وفات کے دو سال بعد آپ کے والد سید غلام محی الدین شاہ کا بھی انتقال ہوا انھیں بھی سلہڈ میں اپنے پوتے کے پہلو میں دفن کیا گیا ۔ سلہڈ میں آپ کا قیام طویل عرصہ رہا آپ کے صاحب اولاد فرزندگان میں سے سید شفیق الرحمان شاہ (ولادت 24 مئی 1968 ء ) بی بی مریم طاہرہ (13 مارچ 1971ء ) سید منیب الرحمان شاہ پیرزادہ ( 24 مارچ 1975) سید عتیق الرحمان شاہ پیرزادہ ( یکم اگست 1977ء ) سید ضیا الرحمان شاہ پیرزادہ ( 1980) سید تنزیل الرحمان شاہ (1982) ہیں آپ کی شادی آپ کی سگی خالہ ذاد بہن سیدہ فاطمۃ الزہرہ سے ہوئی ۔ آپ کی اہلیہ کا تعلق کنٹرول لائن کے دوسری طرف بھارتی زیر قبضہ کشمیر سے تھا جب کہ آپ خود پاکستانی کشمیر کے تھے شجرہ نسب پروفیسر (ر) محمد شفیع الرحمان فیضی ۔ بن ۔ سید غلام محی الدین شاہ ۔ بن سید حسین پیر شاہ ۔ بن ۔ سید مکرم پیر شاہ ۔ بن سید قاضی عبد الکبیر پیر شاہ بن سید عبد الخالق شاہ بن سید اکبر شاہ ۔ بن سید عارف شاہ ۔ بن سید حیدر شاہ ۔ بن سید علی شاہ ۔ بن سید عبداللہ شاہ ۔ بن سید مسعود الدین شاہ نروری جن کا شجرہ نسب انتالیس پشتوں پر جا کر حضرت امام حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہہ سے ملتا ہے ۔ آپ امام حسن کے فرزند حضرت حسن مثنیٰ کی اولاد میں سے ہیں