ابو امامہ باہلی
ابو امامہ باہلی اکابر صحابہ میں شمار کیے جاتے ہیں۔
ابو امامہ باہلی | |
---|---|
معلومات شخصیت | |
پیدائشی نام | صُدَيُّ بنُ عَجْلانَ بن الحارث، وقيل: صُدَيُّ بنُ عجلان بن وهب، وقيل: صُدَيُّ بنُ عجلان بن عَمْرو |
پیدائش | 620ء کی دہائی جزیرہ نما عرب |
وفات | سنہ 705ء (84–85 سال)[1] حمص |
رہائش | مدینہ منورہ |
شہریت | خلافت راشدہ سلطنت امویہ |
کنیت | ابو امامہ |
عملی زندگی | |
پیشہ | روایت حدیث |
عسکری خدمات | |
لڑائیاں اور جنگیں | بیعت رضوان |
درستی - ترمیم |
نام و نسب
ترمیمصدی نام، ابو امامہ کنیت، نسب نامہ یہ ہے،ابو امامہ بن عجلان بن وہب بن عریب بن وہب بن رباح بن حارث بن وہب بن معن بن مالک بن اعصر بن سعد بن قیس بن عیلان بن مضر، باہلہ معن بن مالک کی بیوی تھیں،معن کی اولاد اپنی ماں کی نسبت سے باہلی مشہور ہوئی۔
اسلام اور بیعت رضوان
ترمیمابو امامہ ان خوش قسمت بزرگوں میں ہیں جنھوں نے اسلام کی دعوت کا جواب اس وقت دیا،جب اس کا جواب نوکِ سنان اورتیر وخنجر سے ملتا تھا،اسلام کے بعد سب سے اول غزوۂ حدیبیہ میں شریک ہوئے اوربیعتِ رضوان کا شرف حاصل کیا ،جب مسلمانوں کو رضوانِ الہی کی یہ لَقَدْ رَضِيَ اللَّهُ عَنِ الْمُؤْمِنِينَ إِذْ يُبَايِعُونَكَ تَحْتَ الشَّجَرَةِ [2] اللہ راضی ہوا مسلمانوں سے جب انھوں نے تمھارے ہاتھوں پر درخت کے نیچے بیعت کی۔ سند ملی تو امامہ نے آنحضرتﷺ سے عرض کیا یا رسول اللہ! میں بھی ان لوگوں میں ہوں،جو بیعت کے شرف سے مشرف ہوئے،آپ نے فرمایا تم مجھ سے ہوا ورمیں تم سے ہوں۔ [3]
دعوتِ اسلام
ترمیمقبولِ اسلام کے بعد آنحضرتﷺ نے انھیں ان کے قبیلہ میں دعوتِ اسلام کے لیے بھیجا، جس وقت یہ پہنچے اس وقت اہل قبیلہ اونٹوں کو پانی پلانے کے بعد ان کا دودھ دوہ کر پی رہے تھے،ابو امامہ کو دیکھا تو مرحبا بالصدی بن عجلان" صدی بن عجلان خوش آمدید" کہہ کر استقبال کیا،قبیلہ میں ان کے اسلام کی خبر ہو چکی تھی؛چنانچہ استقبال کے بعد سب سے پہلا سوال یہ ہوا کہ ہم نے سنا ہے،کہ اس شخص (رسول اللہ) کے ساتھ تم بھی بے دین ہو گئے؟ ابو امامہ نے جواب دیا نہیں بے دین تو نہیں ہوا، ہاں خدا اوراس کے رسول پر ایمان لایا ہوں اور رسول اللہﷺ نے تمھارے پاس بھیجا ہے،تاکہ تمھارے سامنے اسلام اوراس کے قوانین پیش کروں، ابھی یہ گفتگو جاری تھی کہ بعض اہل قبیلہ ایک بڑے کاسہ میں خون لائے،سب حاضرین بڑے ذوق و شوق سے کھانے لگے اور ابو امامہ کو بھی شرکت کی دعوت دی، انھوں نے کہا تم لوگوں پر افسوس آتا ہے میں اس شخص کے پاس سے آرہا ہوں جس نے بحکم خدا اس چیز کو حرام قرار دیا ہے،لوگوں نے وہ حکم پوچھا، ابوامامہ نے یہ آیۃ"حُرِّمَتْ عَلَيْكُمُ الْمَيْتَةُ وَالدَّمُ وَلَحْمُ الْخِنْزِيرِ وَمَا أُهِلَّ لِغَيْرِ اللَّهِ بِهِ وَالْمُنْخَنِقَةُ وَالْمَوْقُوذَةُ وَالْمُتَرَدِّيَةُ وَالنَّطِيحَةُ وَمَا أَكَلَ السَّبُعُ إِلَّا مَا ذَكَّيْتُمْ"(المائدہ:3) تک تلاوت کرکے سنائی اور اسی سلسلہ میں اسلام کی تبلیغ شروع کردی،اس کا جواب انکار کی صورت میں ملا، ابو امامہ کو پیاس معلوم ہوئی،پانی مانگا ،لیکن دعوت اسلام کے بعد ہی تمام اہل قبیلہ ان سے پھر گئے اورجنہوں نے تھوڑی دیر پہلے مرحبا کہہ کر استقبال کیا تھا، ان ہی کی جانب سے یہ جواب ملا کہ تم تڑپ تڑپ کر مرجاؤ،مگر تم کو پانی کا ایک قطرہ نہیں مل سکتا، یہ خشک جواب سن کر ابو امامہ تپتی ہوئی ریت پرسوگئے، خواب میں قدرت الہی نے سیراب کر دیا،سوکر اُٹھے تو قبیلہ والے اپنی بدخلقی پر باتیں کر رہے تھے کہ تمھارے سرداروں میں سے ایک شخص تمھارے پاس آیا اور تم نے دودھ اور خرمے تک سے اس کی تواضع نہ کی،اس احساس کے بعد اہل قبیلہ نے ان کے سامنے دودھ اورخرما پیش کیا، مگر انھوں نے اس کے قبول کرنے سے انکار کر دیا اورکہا خدا نے مجھ کو سیراب کر دیا ہے [4] حافظ ابن حجر کی روایت کے مطابق ان کا قبیلہ آخر میں ان کی کوششوں سے مشرف باسلام ہو گیا۔ [5]
وفات
ترمیمجنگِ صفین میں حضرت علیؓ کے ساتھ تھے،پھر شام میں اقامت اختیار کرلی اوریہیں عبد الملک اموی کے عہد 86 ھ میں وفات پائی،وفات کے وقت ایک سو چھ برس کی عمر تھی، ابن سعد نے 61 برس کی عمر لکھی ہے،لیکن یہ صریحاً غلط ہے، اس لیے کہ اس صورت میں حضرت عمرؓ کے زمانہ میں ابو امامہ کی پیدایش ماننا پڑے گی۔
فضل وکمال
ترمیمفضل وکمال میں امتیازی پایہ رکھتے تھے، حدیث کی تبلیغ واشاعت ان کا خاص مشغلہ تھا، جہاں دو چار آدمی ایک جگہ ملجاتے ان کے کانوں تک احادیثِ نبویﷺ پہنچادیتے ،سلیم بن عامر راوی ہیں کہ جب ہم لوگ ابو امامہ کے پاس بیٹھتے تو وہ ہم کو احادیث کی بہت اہم باتین سناتے اورکہتے کہ ان کو سنو سمجھو اورجو سنتے ہو اس کو دوسروں تک پہنچاؤ [6] لوگوں سے کہتے کہ ہماری یہ مجلسیں تم لوگوں کے لیے خدائی تبلیغ (گاہیں)ہیں، رسول اللہﷺ کے ذریعہ سے جو احکام ہمارے لیے بھیجے گئے ان کو آپ نے ہم تک پہنچایا اب تم لوگ ہم سے جو اچھی باتیں سنوان کی تبلیغ کرو اور دوسروں تک پہنچاؤ۔ [7]اس مشغلہ کی وجہ سے تشنگانِ علم اکثر اس سرچشمۂ فیض کے گرد جمع رہتے اور شایقینِ حدیث ان سے حدیثیں سنتے،سلیمان بن حبیب محاربی فرماتے ہیں کہ میں حمص کی مسجد میں داخل ہوا، مکحول اورابن ابی زکریا بیٹھے ہوئے تھے ،مکحول نے کہا :کیا اچھا ہوتا اگر ہم لوگ اس وقت رسول اللہ ﷺ کے صحابی ابو امامہ کے پاس چلتے ان کا حق ادا کرتے اوران سے حدیث سنتے،اس تجویز پر ہم لوگ اٹھ کر ابو امامہ کے پاس پہنچے، سلام وجواب کے بعد انھوں نے کہا تمھارا آنا تمھارے لیے رحمت اورتم پر حجت ہے،میں نے رسول اللہ ﷺ کو اس امت کے لیے جھوٹ اورعصبیت سے زیادہ کسی چیز کے لیے خوف کرتے ہوئے نہیں دیکھا،اس لیے خبردار جھوٹ اور عصبیت سے ہمیشہ بچتے رہنا، آپ نے ہم کو یہ حکم دیا تھا کہ آپ کا یہ فرمان تم لوگوں کے کانوں تک پہنچادیا جائے،ہم اپنا فرض ادا کرچکے، اب اسے دوسروں کے کانوں تک پہنچانا تمھارا فرض ہے۔ [8]ان کے مرویات کی مجموعی تعداد (250) ہے ان میں سے پانچ روایتیں بخاری میں اور تین مسلم میں ہیں [9] ان کے رواۃ اور تلامذہ میں ،سلیمان بن حبیب محاربی،شداد بن عمار دمشقی،محمد بن زیاد الالہانی، ابو سلام الاسود، مکحول الشامی، شہر بن جوشب، قاسم بن عبدالرب،رجاء بن حیوٰۃ،سالم بن ابی الجعد، خالد بن سعدان ،ابو غالب الراسی، اورسلیم بن عامر وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ [10]
مروی احادیث
ترمیمان سے دو سو پچاس حدیثیں ان سے مروی ہیں اورحدیثوں کے درس واشاعت میں ان کو بے حد شغف تھا ، پہلے مصر میں رہتے تھے پھر حمص چلے گئے اوروہیں 86ھ میں اکانوے برس کی عمر میں وفات پائی۔ بعض مؤرخین نے ان کا سال وفات 81ھ تحریر کیا ہے ۔ یہ اپنی داڑھی میں زردرنگ کاخضاب کرتے تھے ۔
کرامت
ترمیمان کی ایک کرامت یہ ہے جس کو وہ خود بیان فرمایا کرتے تھے کہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم نے ان کو بھیجا کہ تم اپنی قوم میں جاکر اسلام کی تبلیغ کرو چنانچہ حکم نبوی کی تعمیل کرتے ہوئے یہ اپنے قبیلہ میں پہنچے اور اسلام کا پیغام پہنچایا
مگر ان کی قوم نے ان کے ساتھ بہت برا سلوک کیا، کھانا کھلانا تو بڑی بات ہے پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں دیا بلکہ ان کا مذاق اڑاتے ہوئے اوربرابھلا کہتے ہوئے ان کو بستی سے باہر نکال دیا۔
یہ بھوک پیاس سے انتہائی بے تاب اورنڈھال ہو چکے تھے ناچار ہوکر کھلے میدان ہی میں ایک جگہ سو گئے تو خواب میں دیکھا کہ ایک آنے والا (فرشتہ)آیا اور ان کو دودھ سے بھرا ہوا ایک برتن دیا۔ یہ اس دودھ کو پی کر خوب جی بھر کر سیراب ہو گئے ۔ خدا کی شان دیکھیے کہ جب نیند سے بیدار ہوئے تو نہ بھوک تھی نہ پیاس۔
اس کے بعد گاؤں کے کچھ خیر پسند اورسلجھے ہوئے لوگوں نے گاؤں والوں کو ملامت کی کہ اپنے ہی قبیلہ کا ایک معزز آدمی گاؤں میں آیا اورتم لوگوں نے اس کے ساتھ شرمناک قسم کی بدسلوکی کرڈالی جو ہمارے قبیلہ والوں کی پیشانی پر ہمیشہ کے لیے کلنک کا ٹیکہ بن جائے گی ۔
یہ سن کر گاؤں والوں کو ندامت ہوئی اوروہ لوگ کھانا پانی وغیرہ لے کر میدان میں ان کے پا س پہنچے تو انھوں نے فرمایا کہ مجھے تمھارے کھانے پانی کی اب کوئی ضرورت نہیں ہے مجھ کوتو میرے رب نے کھلا پلاکر سیراب کردیاہے اور پھر اپنے خوا ب کا قصہ بیان کیا۔
گاؤں والوں نے جب یہ دیکھ لیا کہ واقعی یہ کھا پی کر سیراب ہو چکے ہیں اوران کے چہرے پر بھوک وپیاس کا کوئی اثر ونشان نہیں حالانکہ اس سنسان جنگل اور بیابان میں کھانا پانی کہیں سے ملنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تو گاؤں والے آپ کی اس کرامت سے بے حد متأثر ہوئے یہاں تک کہ پوری بستی کے لوگوں نے اسلام قبول کر لیا۔ [11]
حوالہ جات
ترمیم- ↑ http://sunna.e-minbar.com/spodvizhniki-sahaby-proroka/abu-umama-al-bahili/
- ↑ (الفتح:18)
- ↑ (اصابہ:3/241)
- ↑ (مستدرک حاکم:3/642)
- ↑ (اصابہ:2/241)
- ↑ (مسند دارمی باب البلاغ عن رسول اللہ ﷺ وتعلیم السنن)
- ↑ (ابن سعد،جلد7،ق2،صفحہ:132)
- ↑ (اسد الغابہ:3/16)
- ↑ (تہذیب الکمال:174)
- ↑ (تہذیب التہذیب :4/420)
- ↑ کرامات صحابہ ، ص؛212، مدینہ لائبریری کراچی