طب
علم طب؛ صحت سے متعلق معلومات کو کہا جاتا ہے اس شعبہ علم کا تعلق، سائنس و فن (Science and Art) دونوں سے ہے (وضاحت نیچے دیکھیے)۔ اس شعبہ علم میں تندرستی کی نگہداری و بقا اور بصورت ِمرض و ضرر، تشخیص اور معمول کی جانب جسم کی بحالی سے متعلق بحث کی جاتی ہے۔ تاریخ طب کسی اور مضون میں درج کی جائے گی، اس مضمون میں صرف جدید طب کے موجودہ خدوخال پر نظر ڈالی گئی ہے۔
طب ایک سائنس بھی ہے کیونکہ اس کی عمارت، بادقت کیے گئے تجربات اور دقیق مطالعہ سے حاصل ہونے والی معلومات پر کھڑی ہے اور یہ ایک فـن بھی ہے کہ اس کی کامیابی کا انحصار طبیب کی ذاتی فہم اور مہارت ِعمل پر ہوتا ہے کہ وہ کس صلاحیت سے علم طب کی معلومات کو استعمال کرتا ہے۔
بنیادی طور پر طب کو دو بڑی شاخوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے؛
- اساسی طب (Basic Medicine) جو تشریح، حیاتی کیمیاء اور فعلیات جسیے بنیادی مضامین پر مشتمل ہے۔ ان مضامین کا مرض یا مریض پر براہ راست عملی استعمال نہیں ہوتا بلکہ یہ اس عملی استعمال کے لیے ایک بنیاد فراہم کرتے ہیں
- سریری طب (Clinical Medicine) جس کو نفاذی طب بھی کہ سکتے ہیں کہ اس میں طبی معلومات کو علاج و معالجہ کے لیے نافذ کیا جاتا ہے۔ اس میں شامل اہم مضامین؛ طبی علاج، جراحی اور علم الادویہ ہیں جو اساسی طب کی بنیاد پر کھڑے ہوکر براہ راست علاج و معالجہ سے تعلق رکھتے ہیں۔