طلعت عزیز
طلعت عزیز (پیدائش 11 نومبر 1956ء) حیدرآباد، بھارت سے تعلق رکھنے والے مشہور غزل گائیک ہیں[1]۔
طلعت عزیز | |
---|---|
پیدائش | حیدرآباد، دکن، بھارت | 11 نومبر 1956
اصناف | غزل، پس پردہ گلوکار |
پیشے | گلوکار، موسیقار |
آلات | ہارمونیم |
سالہائے فعالیت | 1979تا حال |
ابتدائی زندگی
ترمیمطلعت عزیز بھارت کے شہر حیدرآباد میں عبد العظیم خان اور مشہور اردو مصنفہ و شاعرہ ساجدہ عابد کے گھر پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم حیدرآباد پبلک اسکول میں حاصل کی۔ جب اپنا آئی ایس سی مکمل کیا تو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینیجمینٹ اینڈ کامرس میں بی- کام (آنرز) کورس کرنے کے لیے داخلہ لیا۔
ان کا خاندان فائن آرٹس سے محبت کرتا تھا اور اس سلسلے میں اپنے گھر میں مختلف فنکاروں اور گائیکوں کی محفلیں منعقد کرتا رہتا تھا جن میں جگجیت سنگھ، جان نثار اختر جیسے نامی گرامی فنکاروں نے بھی شرکت کی۔ اس تمام ماحول کا ان پر بہت اثر ہوا اور انھوں نے ابتدائی عمر سے ہی موسیقی کی تعلیم حاصل کرنا شروع کر دی۔ ان کی شادی ایک مشہور پینٹر اور فن کی قدردان بینا عزیز سے ہوئی۔ ان کے دو بیٹے عدنان عزیز اور شایان عزیز ہیں۔
کیرئیر
ترمیمطلعت عزیز نے موسیقی کی ابتدائی تربیت کیرانا گھرانے سے حاصل کی۔ اس سے قبل وہ استاد صمد خان سے بنیادی چیزیں سیکھ چکے تھے اور بعد ازاں کیرانا گھرانے کے استاد فیاض احمد خان کی صحبت سے فیضیاب ہوئے۔
ابتدائی تربیت کے بعد طلعت نے غزل کے ماہر فنکار مہدی حسن صاحب سے موسیقی سیکھی۔ بہت سے مواقع پر بھارت اور بیرون ملک کنسرٹس میں انھوں نے مہدی حسن کے ساتھ ایک ہی سٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا جیسا کہ 1986ء میں امریکا اور کینیڈا کے دوروں پر۔ مہدی حسن صاحب نے ایک بار طلعت کی آواز کے خالص پن کی تعریف کی اور یہ کہ انھوں نے مہدی صاحب کے علم اور تربیت سے کس طرح فیض اٹھایا اور اپنا سفر جاری رکھا۔ فروری 1980ء میں جگجیت سنگھ کے زیر سایہ انھوں نے اپنا پہلا البم ریلیز کیا۔ جگجیت سنگھ نے اس البم کو یہ نام دیا 'جگجیت سنگھ کی پیشکش طلعت عزیز'۔ یہ البم بہت مشہور ہوا۔ آج بھی غزلوں کے شائقین اس البم سے چند مشہور گانے بہت پسند کرتے ہیں۔ ان کی گائیکی کا سلسلہ جاری رہا اور 1981ء میں موسیقی کی دنیا کے ایک بڑے نامی گرامی میوزک ڈائریکٹر خیام صاحب نے طلعت عزیز کو ایک کلاسک فلم امراؤ جان ادا میں غزل "زندگی جب بھی" گانے کا موقع دیا۔ اس کے علاوہ لازوال غزل "پھر چھڑی رات" انھوں نے لتا منگیشکر کے ساتھ گائی۔ انھوں نے غزلوں کے علاوہ فلمی گیت بھی گائے۔
طلعت عزیز نے ٹی وی سیریلز کے لیے موسیقی ترتیب دی اور کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔ انھوں نے ٹی وی سیریلز جیسا کہ دیوار، باز، ادھیکار، گھٹن، سیلاب ، آشیر باد اور میگنم اوپس نور جہاں وغیرہ کی موسیقی ترتیب دی۔ اس کے علاوہ حال ہی میں 2016ء کی فلم مجاز غم دل کے لیے بھی گانا گایا۔ یہ فلم شکیل اختر کی پیشکش ہے اور اس کی کہانی شاعر مجاز لکھنوی کی سوانح حیات پر مبنی ہے۔
ایک اداکار کے طور پر انھوں نے مختلف سیریلز جیسے ساحل، منزل، دل اپنا، پریت پرائے اور ندا فضلی کے لکھے ہوئے ٹی وی سیریل نور جہاں میں اداکاری کی۔ مہیش بھٹ کی فلم "دھن" میں انھوں نے مرکزی کردار ادا کیا جس میں ان کے ساتھ انوپم کھیر اور سنگیتا بجلانی نے بھی اداکاری کی۔ اس فلم کی موسیقی لکشمی کانت پیارے لال نے دی اور شاعری آنند بخشی نے لکھی۔
طلعت عزیز کے چند مشہور البم یہ ہیں: -جگجیت سنگھ پیش کرتے ہیں طلعت عزیز - طلعت عزیز لائیو (ڈبل البم) - بیسٹ آف طلعت عزیز - امیجز (ڈبل البم) - آ ٹیم کم ٹرو - لہریں - احساس - سرور - سوغات (ڈبل البم) - تصور (ڈبل البم) - منزل (ڈبل البم) - سٹورمز - دھڑکن (ڈبل سی ڈی پیک) - شاہکار - محبوب - طلعت عزیز گاتے ہیں قتیل شفائی - ارشاد (ڈبل سی ڈی پیک) - خوبصورت - سلور اینیورسری کنسرٹ (ڈبل سی ڈی پیک) - سلور اینیورسری کنسرٹ (ڈی وی ڈی پیک) - کاروان غزل - ماسٹر مہدی حسن کو خراج تحسین - پرچھائیاں والیوم ون - پرچھائیاں والیوم ٹو - ہردلعزیز - بے تابیاں - جذبات - دی غزل ماسٹر - وہ شام
حوالہ جات
ترمیم- ↑ "آرکائیو کاپی"۔ 2005-04-15 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2018-05-22
بیرونی روابط
ترمیمویکی ذخائر پر طلعت عزیز سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |
- انٹرنیٹ مووی ڈیٹابیس (IMDb) پر Talat Aziz
- Official Website
- Interview of Talat Azizآرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ hindu.com (Error: unknown archive URL)