فقدِ لیانی
فقد لیانی (achalasia) کا لفظ ایک ایسی کیفیت مرض کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جس میں معدی معوی سبیل یعنی gastro intestinal tract کے ہموار عضلی ریشوں میں اس مقام پر ملائمیت یا ملین پن ختم یا ناپید ہو جاتا ہے کہ جہاں اس سبیل (tract) کا کوئی ایک حصہ (جیسے مری) کسی اگلے حصے (جیسے معدہ) سے ملتا ہو یا سلسلہ قائم کرتا ہو، عام طور پر ایسا مری (esophagus) اور معدہ (stomach) کے مقام اتصال پر ہی واقع ہوتا ہے اور ایسی صورت میں طب و حکمت کی زبان میں اسے فقد لیان مری (esophageal achalasia) کہتے ہیں۔ فقد لیان مری کی صورت میں فقد تمعج (aperistalsis) کی وجہ سے زیریں مصرۂ مری (lower esophageal sphincter) میں پھیلاؤ یا راحت کا فقدان واقع ہو جاتا ہے اور اس کا نتیجہ غذا کے نگلنے میں دشواری کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔
وجہ تسمیہ
ترمیمفقد لیانی کا لفظ دو الفاظ کا مرکب ہے جس میں پہلا حرف فقد کا ہے جس کا مطلب فقدان یا غائب ہو جانے کا آتا ہے اور دوسرا لفظ لیانی کا ہے جو لین سے بنا ہے اور کسی بھی شے کے ملین یا ملائم ہونے کی کیفیت پر ادا کیا جاتا ہے، اردو میں بکثرت استعمال ہونے والا لفظ ملین بھی لیانی کی طرح لین سے بنایا جاتا ہے۔ انگریزی میں بھی یہ دو الفاظ کا مرکب ہے a جس کا مطلب فقدان کا ہے اور chalasia جو کسی بھی شے کے ملین یا ملائم ہونے کو ظاہر کرتا ہے۔