مدثر بشیر
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈٖ (ایس این جی پی ایل) سے وابستہ مدثر بشیر کی تصنیف نے ممتاز عالمی ادبی ایوارڈ، ڈاہن پرائز جیت لیا۔واضح رہے کہ مدثر بشیر سوئی ناردرن گیس کے میڈیا افیئرز ڈیپارٹمنٹ سے منسلک ہیں۔ان کے تحریر کردہ پنجابی زبان کے ناولٹ ”کون“ نے ڈاہن ایوارڈ حاصل کیا ہے۔مدثر بشیر تجربہ کار صحافی، محقق، تاریخ دان اور ادیب ہیں جن کی اب تک گیارہ کتابوں کے علاوہ پنجابی اور اردو میں ادب، شاعری اور تاریخ پر کئی مضامین شائع ہو چکے ہیں۔ان کی تصانیف کا انگریزی، اردو اور گُرمُکھی زبانوں میں ترجمہ بھی کیا جاچکا ہے۔
واضح رہے کہ ڈاہن پرائز پنجابی زبان کا سب سے بڑا ادبی ایوارڈ ہے۔ ڈاہن پرائز کا مقصد دنیا بھر میں پنجابی ادب کی تخلیق اور ترویج ہے۔ یہ ایوارڈ کینیڈا انڈیا ایجوکیشن سوسائٹی نے یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کے شعبہء ایشیائی اسٹڈیز کے تعاون سے شروع کیا ہے۔ مدثر بشیر کو ایوارڈ 2 نومبر 2019ء کو وینکوور، کینیڈا میں منعقد ہونے والی پُروقار تقریب میں دیا گیا، ان کو 10 ہزار کینڈین ڈالر دیے گئے، جو 11 لاکھ پاکستانی روپے بنتے ہیں