مرود جنجیرا قلعہ بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے ساحلی شہر مرود کے قریب سمندر میں ایک جزیرے پر واقع ہے۔ جو اپنی مضبوطی اور ناقابل شکست ہونے کی وجہ سے تاریخ میں مشہور ہے۔ مرود مقامی زبان کونکنی میں شاہی کو کہتے ہیں اور جنجیرا عربی لفظ جزیرہ سے نکلا ہے۔ اس جزیرے پر مقامی مچھیروں نے قزاقوں سے بچنے کے لیے احمد نگر کے سلطان کی اجازت سے لکڑی کا قلعہ نما عمارت بنائی۔ لیکن بعد میں انھوں نے سلطان کا حکم ماننے سے انکار کر دیا۔ 1489ء میں احمد نگر کے سلطان مرتضیٰ نظام شاہ دوم کے جنرل پیرم خان نے اس جزیرے پر قبضہ کر لیا۔ بعد ازاں سلطان کے وزیر اعظم اور اپنے دور میں ہندوستان کی مشہور شخصیت ملک عنبر نے یہاں ایک قلعہ تعمیر کروایا جو ابھی تک موجود ہے۔

اس قلعے پر پرتگالیوں، مراٹھوں ، مرہٹوں، مغلوں اور انگریزوں نے بارہا حملہ کیا، کئی دفعہ اس کا محاصرہ بھی کیا گیا، لیکن یہ قلعہ کبھی فتح نا کیا جا سکا۔ تاوقتیکہ 1947ء میں اسے گورنمنٹ آف انڈیا کے حوالے کر دیا گیا۔