مصحف (ناول)
مصحف نمرہ احمد کا لکھا ہوا ناول ہے جو خواتین ڈائجسٹ میں مارچ 2011ء سے قسط وار شائع ہوا۔
مصحف یعنی قرآن نام سے ہی ظاہر ہے کہ اس کہانی کا مرکزی خیال قرآن کے اردگرد گھومتا ہے۔ یہ ناول ایک لڑکی کی کہانی ہے جس کے والد کے انتقال کے بعد گھر اور جائداد پر لالچی چچا، تایا نے قبضہ کرکے ماں اور بیٹی کو ان کے جائز حق سے نا صرف محروم کر دیا ہے بلکہ ان کے ساتھ گھر میں نوکروں جیسا سلوک بھی کرتے ہیں۔ اس سلوک سے نالاں وہ لڑکی اپنی زبان سے سب کا دوبدو مقابلہ کرتی ہے۔
انہی حالات میں اسے ایک انجان لڑکی اسے قرآن مجید دیتی ہے جسے وہ ناسمجھی میں واپس کر دیتی ہے۔ اور اس کے بعد اس پہ پریشانیوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔۔ کچھ مشکلات سہنے کے بعد اس کا تعلق قرآن سے بن جاتا ہے اور وہ اپنی زندگی کے تمام مسائل کے حل کے لیے قرآن کی طرف رجوع کرتی ہے۔ اور پھر آگے اس کی زندگی کی مکمل کہانی ہے۔
ناول میں قرآن سے مدد لینے کا خیال یقیناً بہت عمدہ ہے۔ لیکن کہانی میں کوئی نیا پن نہیں ہے۔ جگہ جگہ قرآن کی تفسیر پیش کی گئی ہے جو بہت سے مقامات پہ غیر ضروری محسوس ہوتی ہے۔ کردار کے ساتھ ہونے والے واقعات میں کچھ بھی نیا، اچھوتا پن نہیں ہے بلکہ ڈائجسٹوں میں با رہا شائع ہونے والے واقعات ہی ایک دفعہ پھر دہرا دئے گئے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کسی پرانے لکھے ہوئے ناول میں قرآن پاک کی تفسیر شامل کرکے اسے نئے ناول کا روپ دے دیا گیا ہے۔ اپنے اچھے تھیم کے باوجود یہ ناول کسی قسم کا اثر چھوڑنے میں ناکام رہا اور مصنفہ کی طرف سے بار بار قرآن سے رجوع کرنے والی بات سے قرآن کا تاثر کتاب ہدایت کی جگہ کسی فالنامے محسوس ہوتا ہے۔