پاکستان کی ضلعی عدالتیں
پاکستان کی ضلعی عدالتیں، ضلعی سطح پر متحرک ہیں اور یہ عدالتیں صوبے کی عدالت عالیہ (ہائی کورٹ) کے ماتحت آئینی حیثیت میں فرائض سر انجام دیتی ہیں۔ ضلعی عدالتیں، پاکستان کے تمام صوبوں کے ہر ضلع میں قائم کی گئی ہیں اور یہ دیوانی اور فوجداری مقدمات کی سماعت کے دائرہ اختیار کی حامل ہوتی ہیں۔ ہر ضلع کے مرکزی دفاتر میں، ضلعی عدالتوں کے تحت کئی سارے اضافی ضلعی اور سیشن منصفین کی تعیناتی بھی ہوتی ہے جو ضلعی عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کرتے ہیں۔ ضلعی اور سیشن منصفین کو ضلع بھر میں مختیار کار اور عدالتی اختیار حاصل ہوتے ہیں۔ ضلعی عدالتوں میں سیشن عدالت عام طور پر جرائم جیسے قتل، زنا، ڈکیتی، چوری وغیرہ کے مقدمات کی سماعت کرتی ہے۔ اس کے علاوہ معمولی نوعیت کے دیوانی مقدمات کی سماعت کا دائرہ اختیار بھی اس عدالت کو حاصل ہوتا ہے۔ انتظامی خدمات کی بہتر فراہمی کے لیے اب ہر قصبے اور شہر میں ضلعی عدالتوں کے ماتحت ایک اضافی ضلعی اور سیشن منصف تعینات کیا گیا ہے، جو ہر طرح سے مختص کردہ علاقہ میں دیوانی اور فوجداری مقدمات کی سماعت کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ یہ عدالتیں جب فوجداری مقدمات کی سماعت کرتی ہیں تو یہ سیشن عدالت جبکہ دیوانی مقدمات کی سماعت کے دوران ضلعی عدالت کہلاتی ہے۔ مقدمات کی پیروی کے دوران اہمیت کے حامل معاملات کو صرف ضلعی اور سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا جاتا ہے۔ ضلعی اور سیشن جج، ہر ضلع میں ایک لحاظ سے ضلعی منصف اعلیٰ شمار کیا جاتا ہے۔
مقدمات کی پیروی کے دوران اگر مدعیان میں سے کسی بھی فریق کو ضلعی عدالتوں کے فیصلے پر اعتراض ہو، وہ صوبائی عدالت عالیہ (ہائی کورٹ) میں قائم ایک ایپلیٹ بورڈ میں درخواست دائر کر سکتا ہے، جس کا مقصد عوام کو شفاف ترین انصاف کی فراہمی ہوتا ہے۔