پوڈکاسٹ یا پوڈ نشر (انگریزی: podcast) ڈیجیٹل ذریعۂ ابلاغ ہے جس کے تحت ڈیجیٹل آڈیو، ڈیجیٹل ریڈیو، پی ڈی ایف یا ای پب فائلیں ویب سنڈیکیشن یا آن لائن ذرائع سے صارفین کے کمپیوٹر یا موبائل آلات پر سلسلہ وار نشر یا تقسیم کی جاتی ہیں۔ لفظ پوڈکاسٹ ایک نیا بنایا گیا لفظ ہے جو ’’براڈکاسٹ‘‘ (یعنی نشریات) اور ’’پوڈ‘‘ کا مرکب ہے؛ جسے ’’آئی پوڈ‘‘ سے اخذ کیا گیا، کیوں کہ صوتی پوڈکاسٹ عموماً پورٹ ایبل میڈیا پلیئروں پر سنے جاتے ہیں۔

مریم ویبسٹر کے مطابق پوڈکاسٹ: ایک پروگرام ہے جو ڈیجیٹل ساخت میں انٹرنیٹ پر خودکار ڈاؤن لوڈ کو دست یاب بناتا ہے۔

کسی مخصوص سلسلے سے متعلق تمام آڈیو یا ویڈیو فائلوں کی فہرست مرکزی طور پر تقسیم کار کے سرور پر بہ طور ویب فیڈ مرتب کی جاتی ہے اور سامعین یا ناظرین کا خصوصی کلائنٹ ایپلی کیشن سوفٹ ویئر، معروف بہ پوڈ کیچر، اُس ویب فیڈ تک رسائی حاصل کرتا ہے، تازہ فائلیں کھوجتا ہے اور تازہ فائلوں کی موجودگی کی صورت میں انھیں ڈاؤن لوڈ کرلیتا ہے۔ یہ عمل خودکار ہو سکتا ہے، لہٰذا ہر نئی فائل خودکار طریقے سے صارف کے آلے پر ڈاؤن لوڈ ہوجاتی ہے۔ ڈاؤن لوڈ ہونے والی فائل مقامی طور صارف کے کمپیوٹر یا کسی دوسرے آلے میں محفوظ ہوجاتی ہے جس تک رسائی آف لائن رہتے ہوئے بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔