کاشف رحمن کاشف
غالباً یہ مضمون ویکیپیڈیا میں معروفیت کے عمومی اصول کے مطابق نہیں ہے۔ (جانیں کہ اس سانچہ پیغام کو کیسے اور کب ختم کیا جائے) |
کاشف رحمن کاشف، 12 ستمبر 1980ء کو پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان کے نوجوان شاعر، صحافی اور کہانی کار ہیں۔ کاشف رحمن کاشف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے سرکاری اسکولوں میں ٹاٹ پر بیٹھ کر پرائمری تعلیم حاصل کی۔ گورنمنٹ ہائیر سکینڈری اسکول نمبر3 سے میٹرک کا امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کیا۔ انھوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج نمبر 1 ڈیرہ اسماعیل خان سے گریجویشن کی۔ وہ کالج کے مجلے “گومل“ کے ایڈیٹر بھی رہے۔ کاشف رحمن کاشف گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان سے ایم اے سیاسیات اور ایم اے ابلاغیات کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے شعبے سے منسلک ہو گئے۔ انھوں نے مختلف اخبارات میں سب ایڈیٹر، ایڈیٹر اور چیف ایڈیٹر کے عہدوں پر کام کیا۔ آج ٹی وی میں بطور پروڈیوسر نیوز خدمات انجام دیں۔ آج کل وہ ملک کے سب سے بڑے نیوز چینل “سماء“ میں بطور سینئر اسائنمنٹ ایڈیٹر کام کر رہے ہیں۔ وہ “ق پبلی کیشنز“ کے نام سے ایک اشاعتی ادارہ بھی چلا رہے ہیں اور اب تک مختلف موضوعات پر 30 سے زائد کتب شائع کر چکے ہیں۔ کاشف رحمن کاشف نے ڈیرہ اسماعیل خان سے 8 سال تک ادبی اخبار“اکناف“ بھی شائع کیا اور نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کی۔