کتاب یشوع یا کتاب یوشع (عبرانی: ספר יהושע) عبرانی بائبل کی چھٹی کتاب ہے۔ یہ کتاب یشوع سے منسوب کی گئی ہے، کیونکہ اس کتاب کے تمام واقعات ان سے ہی متعلق ہیں۔ یشوع ایک جنگجو سورما تھے، نڈر مگر دل میں خوف خدا رکھتے تھے۔ کنعان کے حالات دیکھنے کے لیے جانے والوں میں حضرت یشوع بھی شامل تھے مگر واپس آکر جہاد کرنے سے ڈرے نہیں۔ آپ کو موسیٰ نے اپنا جانشین مقرر کیا تھا۔ اس جانشین مقرر کرنے کا ذکر کتاب استثنا کے باب 31 میں ہے۔ یشوع نے اس کتاب کو چودھویں صدی قبل مسیح کے دوران ترتیب دیا۔ اس کتاب کے بعض مندرجات جن میں آپ کی بیماری اور وفات کا احوال ہے وہ آپ کے بیٹے فنیحاص اور ہارون کے بیٹے الیعزر نے لکھے۔

یشوع 1:1

اس کتاب میں بیان کیا گیا ہے کہ کس طرح بنی اسرائیل ملک کنعان میں داخل ہوئے، کس طرح اس پر قبضہ کیا اور کس طرح اس ملک میں آباد ہوئے اور کس طرح اس کے اصلی باشندوں کو مطیع یا اس ملک سے نکال باہر کیا۔

کنعان کے اصلی باشندوں پر اللہ تعالیٰ کا قہر اس لیے آیا کہ اُن کے عقائد مشرکانہ تھے اور وہ بہت سے مکروہات میں بھی مبتلا تھے۔ اسی وجہ سے اُن کو نیست و نابود کیا گیا تاکہ بنی اسرائیل کو فضیلت بخشی جائے۔ دوسرا اس سے بنی اسرائیل کے اپنے لوگوں کی عبرت بھی مقصود تھی کہ اگر وہ بھی مشرکانہ عقائد اور مکروہات اپنائیں گے تو اُن کا حشر بھی کنعان کے اصلی باشندوں جیسا ہو گا۔

اس کتاب کو چار حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے:

  1. بنی اسرائیل کی موعودہ ملک کنعان میں داخلہ کی تیاری (باب1 تا باب 5 آیت15)
  2. کنعان میں داخلہ اور تسلط ( باب6 تا باب 12 آیت 24)
  3. اسرائیلی قبیلوں میں زمین کی تقسیم (باب 13 تا باب 21آیت 45)
  4. یشوع کا آخری خطبہ اور دیگر نصائح ( باب ب22 تا باب 24آیت 33)
کتاب یشوع
ماقبل  عبرانی بائبل مابعد 
مسیحی
عہد نامہ قدیم