یان گاربارک ( ناروینی:Jan Garbarek) ناروے کے جاز موسیقار ہیں، جو بنسری، کلارنٹ اور سیکسو فون بجانے میں مہارت رکھتے ہیں، لیکن اُن کی عالمی شیرت کی وجہ اُن کا سیکسو فون نواز ہونا ہے۔ یان نے جاز، مغربی کلاسیکی موسیقی اور عالمی موسیقی کی اصناف میں بہت زیادہ کام کیا ہے۔ انھیں اکثر نارڈیک ملکوں کی آواز بھی کہا جاتا ہے۔[1]

یان گاربارک
ذاتی معلومات
تعلقاوسلو, ناروے
پیشےسیکسو فون نواز, موسیقار, محصل سجل
آلاتسیکسو فون
ویب سائٹwww.garbarek.com

سوانح حیات

ترمیم

ذاتی زندگی

ترمیم

یان 4 مارچ 1947ء کو ناروے کے میسن نامی ایک چھوٹے سے قصبے میں پیدا ہوئے۔ یان اپنے ماں باپ کی اکلوتی اولاد ہیں۔ آن کے باپ پولینڈ کے رہنے والے تھے۔ وہ دوسری جنگ عظیم میں جرمنوں کے ہاتھوں قیدی بنا لیے گئے تھے۔ قیدی کے طور پر انھیں ناروے کے دور دراز علاقے میں ریلوے لائن بچھانے کی مشقت کے لیے بھیجا گیا۔ وہیں رہائش کے دوران انھوں نے یان کی ماں سے شادی کی جو ایک کسان کی بیٹی تھی۔

یان نے 21 سال کی عمر میں وگدس نام کی ایک ناروینی خاتون سے شادی کی جس سے آنیہ گاربارک نام کی آن کی ایک بیٹی ہے۔ جو خود بھی ایک موسیقارہ ہیں۔

موسیقی

ترمیم

یان 15 سال کی عمر میں ناروے میں منعقدہ جاز موسیقی کے شوقیہ فنکاروں کے مقابلے میں 2 انعام جیت کر لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے۔ بعد میں انھوں نے ناروے کی سب سے مشہور جاز گائکہ کارین کروگ کے ساتھ کام کیا۔ لیکن مشہور امریکی جاز پیانو نواز جارج رسل کے چار سالہ ساتھ نے یان کو بہت متاثر کیا۔ جارج رسل کی وجہ سے ہی یان نے برصغیر پاک و ہند کی موسیقی میں دلچسپی لینا شروع کی۔

یان کا پہلا سولو البم 1967 میں جاری ہوا۔ اس البم کا نام یان نے اپنی بیوی وگدس کی مناسبت سے " وگدس کے لیے " رکھا۔ اس البم پر یان کو اعزاز سے نوازا گیا۔ 1970ء میں یان کی جرمن میوزک پروڈیوسر مانفرید آئشر سے ملاقات یان کو جرمنی کی ریکارڈ کمپنی " ای سی ایم " میں لے گئی۔ جہاں سے جاری کیے ریکارڈ یان کی عالمی شہرت کا باعث بنے۔

یان نے بے شمار ریکارڈ جاری کیے ہیں۔ مشہور امریکی جاز پیانو نواز کیتھ جیرٹ کے ساتھ کام کرنے نے یان کی موسیقی کو عالمی شہرت بخشی۔[2] یان نے ان گنت موسیقارں کے ساتھ کام کیا ہے، جن میں بھارت کے وائلن نواز شنکر سبرامنیم، بنسری نواز پنڈت ہری پرشاد چورسیا، طبلہ نواز استاد ذاکر حسین اور پاکستان کے استاد بڑے فتح علی خان، سارنگی نواز استاد ناظم علی خان اور طبلہ نواز استاد شوکت حسین کا نام شامل ہیں۔ استاد فتح علی خان کے ساتھ یان کا " راگا اینڈ ساگا " نامی ریکارڈ پاکستان میں بہت پسند کیا گیا ہے۔ اس ریکارڈ کی دھنیں اکثر پاکستانی ٹیلی وژن کے ڈراموں میں پس منظر موسیقی کے طور پر استعمال ہوتی ہیں۔

صاف شفاف آواز، لمبے سُر اور خاموشی کے وقفے یان کے سیکسو فون بجانے کے انداز میں خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ یان نے اپنے ریکارڈوں میں اسکینڈے نیویا کی لوک موسیقی سے بہت استفادہ کیا ہے۔ یان نے بہت سی ملکی اور غیر ملکی فلموں کے لیے موسیقی بھی ترتیب دی ہے۔ موسیقی کی خدمات پر یان کو بے شمار اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ جن میں ناروینی ثقافتی کونسل کا اعزازی انعام اور " آرڈر آف سینٹ اولاو " نامی شاہی اعزاز بھی شامل ہے۔

حوالہ جات

ترمیم
  1. Scott Yanow۔ "Jan Garbarek"۔ www.allmusic.com۔ 2019-01-07 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2010-12-24
  2. "Keith Jarrett Discography"۔ www.jazzdisco.org۔ 2019-01-07 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2010-12-24