ابراہیم غزنوی
سلطان ابراہیم غزنوی بڑا متقی اور پرہیزگار انسان تھا۔ ہر سال اپنے ہاتھ سے قرآن پاک لکھ کر مکعہ مکرمہ بھیجتا تھا۔ سلطان نے سلجوقیوں سے صلح کر لی تھی اس لیے ہندوستان کے بعض اہم علاقے فتح کرنے میں کامیاب رہا۔ سلطان ابراہیم بیالیس سال تک حکمران رہے کر 1099ء میں وفات پائی۔
ابراہیم غزنوی | |||||||
---|---|---|---|---|---|---|---|
(فارسی میں: ابراهیم غزنوی) | |||||||
معلومات شخصیت | |||||||
پیدائش | سنہ 1032ء افغانستان |
||||||
وفات | 25 اگست 1099ء (66–67 سال) افغانستان |
||||||
شہریت | سلطنت غزنویہ | ||||||
اولاد | مسعود سوم | ||||||
والد | مسعود | ||||||
بہن/بھائی | |||||||
خاندان | سلطنت غزنویہ | ||||||
مناصب | |||||||
سلطان سلطنت غزنویہ | |||||||
برسر عہدہ 1059 – 1099 |
|||||||
| |||||||
درستی - ترمیم |
تخت نشینی
ترمیمسلطان فرخ زاد غزنوی کے انتقال کے بعد اس کے بھائی ابراہیم بن مسعود نے عنان حکومت سنبھالی۔ [1] سلطان ابراہیم غزنوی 451ھ بمطابق 1058ء میں تخت نشین ہوا۔ [2]
سلجوقیوں سے صلح
ترمیمسلطان ابراہیم غزنوی چونکہ بے حد نیک پاک فطرت اور خدا کے بندوں پر مهربان تھا اس لیے اس نے سلجوقیوں سے اس شرط پر صلح کر لی تھی کہ کوئی دوسرے پر حملہ نہ کرے اور رعایا کو جو خداوند تعالی کی ودیعت ہے ملک گیری کی ہوس میں تباہ و برباد نہ کرے۔ سلطان ابراہیم نے اپنے بیٹے مسعود کی شادی ملک شاه سلجوقی کی بیٹی سے کی اور اس باہمی معاہدے کو مستحکم و پائیدار بنایا۔ مورخین کا بیان ہے کہ اس معاہدے سے پہلے ایک بار سلجوقی نے غزنی پر حملہ کرنے کا ارادہ کیا تھا۔ ابراہیم نے جب یہ خبر سنی تو بڑا پریشان ہوا۔ اس جنگ کی مصیبت سے بچنے کے لیے اس نے ایک چال چلی اور سلجوقی امیروں کے نام کچھ خطوط لکھے جن میں یہ مضمون درج کیا کہ مجھے یہ جان کر بے انتہا مسرت ہوئی ہے کہ تم سب نے اپنے بادشاہ کو غزنی کے سفر پر آمادہ کرنے میں بڑی محنت اور جانفشانی سے کام لیا جس طرح تم نے بادشاہ کو اس سفرپر آمادہ کر لیا ہے اس طرح اب یہ کوشش بھی کرو کہ جلد سے جلد غزنی پہنچ جاؤ تا کہ ہم سب جلد از جلد ملک شاہ سے چٹکارا حاصل کر لیں۔ اس کارگزاری کے صلے میں مَیں تمھیں مالا مال کر دوں گا اور جو رقوم تم سے طے ہوئی ہیں ان کو دوگنی تعداد میں ادا کردوں گا۔ ابراہیم نے یہ خطوط اپنے ایک ملازم کو دیے اور اس سے کہا کہ ملک شاہ کو شکار کا بہت شوق ہے تو اس موقع پر انتظار کرو اور جب وہ شکار کھیلنے کے لیے روانہ ہو اس وقت اس کے پیچھے پیچھے شکار گاہ میں پہنچ جانا۔ جب سلجوقی سپاہی تجھے دیکھیں گے تو تجھے پکڑ کر بادشاہ کے سامنے لے جائیں گے اور بادشاہ جب تجھ سے باز پرس کرے پہلے کچھ حیلہ و بہانہ کرنا اور بعد ازاں وہ خطوط اس کے حوالے کر دینا۔ اس کارروائی سے سلطان ابراہیم کی غرض یہ تھی کہ ملک شاہ اول کے ہاتھ جب یہ خطوط لگیں تو سلجوقی امرا میں سے کوئی اس وقت اس کے پاس نہ ہو۔ یہ قاصد قصبہ اسفران (خراسان کا ایک مشہور مقام میں) جا پہنچا۔ جہاں ان دنوں ملک شاہ خیمہ زن تھا۔ اپنی عادت کے مطابق ایک دن ملک شاہ شکار کے لیے روانہ ہوا۔ سلطان ابراہیم کا قاصد بھی اپنے پروگرام کے تحت اس کے پیچھے چل دیا۔ ملک شاہ کے سپاہیوں نے جب اس قاصد کو دیکھا تو اسے حراست میں لے لیا اور ملک شام کے سامنے پیش کر دیا۔ ملک شاہ نے حکم دیا کہ اس کو کوڑے لگائے جائیں۔ قاصد کو کوڑے لگائے گئے اور اس کی پیٹھ زخمی ہو گئی تو اس نے پہلے سے طے شدہ طریق کار کے مطابق یہ اقرار کیا کہ میں سلطان ابراہیم کا قاصد ہوں اور اس کے ایما پر یہاں آیا ہوں تا کہ اس کے دیے ہوئے کچھ خطوط سلجوقی امیروں تک پہنچا دوں۔ ملک شاہ نے وہ خطوط اس سے لے کر پڑھے اور فوراً اس نے اپنے ملک کو واپسی کا ارادہ کر لیا۔ اپنے دار الحکومت پہنچ کر اس نے اس بارے میں تحقیقات کی جس کے نتیجے میں اس پر ظاہر ہو گیا کہ اس کے امرا سلطان ابراہیم کے ارادہ سے بالکل بے خبر ہیں اور یہ محض ابراہیم کی ایک ترکیب تھی جس پر عمل کر کے اس نے جنگ کے مصائب سے چھٹکارا حاصل کر لیا۔ اس واقعے کے بعد ملک شاہ اکثر کہا کرتا تھا کہ اگرچہ ابراہیم نے یہ چال اس لیے چلی تھی کہ غزنوی اور سلجوقی لشکروں میں مقابلہ نہ ہو کیونکہ اس کو یقین تھا کہ اس کے نتیجے میں غزنوی فوج میدان جنگ سے بھاگ نکلے گی اور سلجوقیوں کو فتح ہو گی لیکن یہ حیلہ کر کے اس نے میرے ارادے سے مجھے باز رکھا ہے اس لیے فتح دراصل اسی کو ہوئی ہے اور مجھے شکست۔
اجودھن کی فتح
ترمیمجب سلجوقیوں کی طرف سے سلطان ابراہیم غزنوی کو اطمینان ہوا تو اس نے ایک بہت بڑا لشکر تیار کر کے ہندوستان کی طرف روانہ کیا۔ اس لشکر نے ہندوستان کے اکثر حصے فتح کیے جو اب تک اسلامی سلطنت سے علاحدہ رہے تھے۔ 472ھ میں سلطان ابراہیم خود ہندوستان پہنچا اور یہاں کے مشہور و معروف قلعہ اجودھن کا (پاک پتن جو لاہور سے سو کوس کے فاصلے پر واقع ہے) کا محاصرہ کر لیا۔ چند دن میں اسے فتح کر لیا۔
روپال کی فتح
ترمیمقلعہ اجودھن کو سر کرنے کے بعد سلطان ابراہیم نے پنجاب کے سب سے بڑے قلعے روپال کی طرف توجہ کی۔ یہ قلعہ ایک بلند پہاڑ کی چوٹی پر بنا ہوا تھا۔ جس کے ایک طرف تو دریا بہتا تھا اور دوسری طرف ایک گھنا جنگل پھیلا ہوا تھا۔ اس جنگل میں خود رو درختوں کی تعداد شمار سے باہر تھی۔ یہ سب آپس میں اس طرح ملے ہوئے تھے کے سورج کی کرنوں کے لیے زمین تک پہنچنا محال تھا۔ ان میں سے بیشتر درختوں پر ہر وقت زہریلے سانپ بھی لپٹے رہے تھے۔ اس سے اندازہ ہو سکتا ہے قلعہ کے دونوں طرف ٹھہرنے کے لیے بالکل جگہ نہ تھی۔ قلعے کی حالت اور اس کے آس پاس کا یہ عالم ہر حملہ آور کو خوف زدہ کرنے اور ان کی ہمتیں توڑنے کے لیے کافی تھا۔ سلطان ابراہیم نے دامن ہمت و استقلال کو ہاتھ سے نہ جانے دیا اور مشکلات کا جوان مردی سے مقابلہ کرتا ہوا وہاں تک جا پہنچا۔ کچھ عرصے تک قلعے کا محاصرہ کرنے کے بعد اس نے آخر کار اسے فتح کر لیا۔
درہ کی فتح
ترمیمقلعہ روپال کو سر کرنے کے بعد سلطان ابراہیم نے اس کے قریب ہی کے ایک شہر درہ پر حملہ کیا۔ یہ شہر غیر مسلموں سے آباد تھا جو خراسانی نسل سے تعلق رکھتے تھے۔ یہ باشندے ان خراسانیوں کی نسل سے تھے جنہیں افراسیاب نے خراسان سے جلا وطن کر کے ہندوستان کی سرحد پر آباد کیا تھا۔ یہ لوگ بت برستی اور اسی قسم کی دوسری خرافات میں مبتلا تھے۔ درہ میں ایک تالاب تھا جس کا قطر ایک میل تھا اور اس کی گہرائی بے پناہ تھی۔ اس کی گہرائی کا پتا چلانا بہت مشکل تھا۔ تالاب میں پانی بڑی کثرت سے رہتا تھا باوجود اس کے کہ اس شہر کے تمام لوگوں اور جانوروں کے لیے یہاں سے ہی پانی استعمال ہوتا تھا پھر بھی پانی کم نہ ہوا تھا۔ شہر کے آس پاس چاروں طرف انتہائی گھنے جنگل تھے اس وجہ سے شہر میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کے راستوں کا پتا چلانا بہت مشکل تھا۔ گذشتہ بادشاہوں نے اس شہر کے باشندوں کو اپنا باج گزار بنانا ہمیشہ مشکل سمجھا اور اس وجہ سے بھی اس طرف توجہ نہ کی لیکن محمود غزنوی کا باہمت اور بہادر جانشین کسی قسم کی مشکلوں سے نہ گھبرایا اور اس نے یہاں کے باشندوں تک نور اسلام کو پہنچانے کا پورا پورا ارادہ کر لیا۔ اس نے کئی بزار پیادہ سپاہیوں کو اس کام پر مامور کیا کہ وہ لشکر کے آگے چلیں اور راستے کے درختوں کو کاٹ کر لشکر کے لیے راستہ ہموار کرتے جائیں۔ اس طریق کار کا نتیجہ یہ ہوا کہ راستہ صاف ہو گیا اور غزنوی لشکر کو آگے بڑھنے میں بڑی آسانی ہو گئی۔ جب یہ لشکر جاں باز درہ کے قریب پہنچا تو برسات کا موسم شروع ہو گیا اور بڑی موسلا دھار بارششیں ہونے لگی۔ اس وجہ سے لشکر کو کچھ عرصے کے لیے شہر کی سرحد پر ہی قیام کرنا پڑا۔ اگرچہ برسات اہل لشکر کے لیے باعث زحمت ثابت ہوئی لیکن الوالعزم سلطان ابراہیم کی پیشانی پر بل نہ آیا اور وہ قلعہ کو فتح کرنے کے ارادے پر پہلے کی طرح ثابت قدم رہا۔ تین ماہ کے عرصے کے بعد بارش نے دم لیا اور شکر کو شہر کے قریب پہنچنے کا موقع ملا۔ سلطان ابراہیم خود تو اپنے لشکر کے ساتھ شہر کے کنارے پر مقیم رہا اور اپنے چند آدمیوں کو اہل شہر کے پاس اسلام کی دعوت دے کر بھیجا لیکن اس دعوت کا کوئی نتیجہ نہ نکالا اور درہ کے باشندے اپنے قدیم آبائی مذہب پر قائم رہے۔ (یہ عالم دیکھ کر ابراہیم شاہ کے پاس شہر پر حملہ کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ رہا) یہ سب دیکھ کر سلطان نے مایوس ہو کر شہر پر حملہ کر دیا اور فتح حاصل کی۔ سلطان ابراہیم اس شہر سے ایک لاکھ لونڈیاں اور غلام مع بہت سے بیش قیمت مال و اسباب اپنے ہمراہ لے کر واپس ہوا۔
عادات و خصائل
ترمیمسلطان ابراہیم بڑا متقی اور پرہیز گار انسان تھا۔ اپنے عین شباب کے زمانے میں اس نے دنیاوی لذتوں کو ترک کر دیا تھا۔ رجب اور شعبان کے دونوں مہینوں میں رمضان کی طرح روزے رکھتا تھا اور اس طرح تین ماہ اس کے لیے رمضان رہتا۔ یہ نوجوان صالح اپنے اس وقت کو جو امور سلطنت سے بچ جاتا خدا کی عبادت میں صرف کرتا۔ رعایا کی خبر گیری اور اس کی خوش حالی کی فکر اسے ہر وقت رہتی تھی وہ ملک پر بڑے انصاف کے ساتھ حکومت کرتا اور غریبوں میں صدقے اور خیرات کی تقسیم کیا کر تھا۔ "جامع الحکایات" میں لکھا ہے کہ بادشاہی محل میں ہر سال ایک محفل وعظ و نصیحت ہوا کرتی تھی اور اس میں امام یوسف سجاوندی اپنی تقریروں سے بادشاہ اور دیگر اہل محفل کے دل گرمایا کرتے تھے۔ سلطان امام یوسف سجاوندی کے علم و فضل اور اتقا و پرہیز گاری کا بڑا خیال رکھتا تھا۔ اور ان کی ہر بات کو خندہ پیشانی سے سنتا تھا یہی وجہ ہے کہ امام ہر طرح کی بات سلطان سے بلا کسی جھجک اور خوف کے کہہ دیتے تھے۔ بلکہ اکثر اوقات تو سلطان کو اس کی غلطیوں اور کوتاہیوں پر سخت الفاظ میں ٹوکا کرتے تھے۔ ان کے اس بر تاؤ سے یہ حق پسند بادشاہ بھی ملول یا آزرده خاطر نہ ہوا تھا۔ سلطان ابراہیم خط نسخ میں بہت عمدہ لکھتا تھا۔ اپنے عہد حکومت کے تمام عرصے میں اس نے اپنا یہ شعار بنائے رکھا کہ ہر سال ایک قرآن اپنے قلم سے لکھ کر مکہ معظمہ ارسال کیا کرتا تھا۔ بعض مورخین کا بیان ہے کہ سلطان موصوف کے ہاتھ کے لکھے ہوئے قرآن مجید کے بعض نسخے اب بھی کتب خانہ نبوی میں محفوظ ہیں۔
مستقل مزاجی
ترمیمبعض مورخین نے بیان کیا ہے کہ ایک روز سلطان ابراہیم شاه غزنی کی شاہراہ پر چلا جا رہا تھا۔ اس نے ایک مزدور کو دیکھا جو کسی شاہی عمارت کی تعمیر کے سلسلے میں ایک بھاری پتھر اپنے سر پر اٹھا کر چلا جا رہا تھا۔ یہ مزدور بڑا کمزور تھا اور پتھر کے بوجھ سے بالکل دبا جا رہا تھا۔ مزدور کی یہ حالت دیکھ کر ابراہیم شاہ کو بڑا ترس آیا اور اس نے مزدور کو حکم دیا کہ وہ پتھر کو پھینک دے۔ مزدور نے حکم کی تعمیل کی اور اس طرح پتھر کے جان لیوا بوجھ سے نجات حاصل کی۔ وہ پتھر وہیں شاہراہ پر پڑا رہا اور سلطان ابراہیم اپنے محل کی طرف چلا گیا۔ پتھر راستے کے بیچوں بیچ کچھ اس طرح پڑا تھا کہ تمام راہ گیر پیادے ہوں یا سوار اس پتھر سے ٹھوکر کھاتے۔ راستے چلنے والوں کی یہ تکلیف دیکھ کر ایک شخص نے سلطان ابراہیم سے کہا کہ اگر اجازت ہو تو یہ پتھر یہاں سے اٹھوا کر ایک طرف کر دیا جائے تا کہ راستہ صاف ہو جائے اور لوگوں کو اس روزانہ کی تکلیف سے رہائی ملے۔ ابراہیم نے اس کے جواب میں کہا میں ایک شخص سے کہہ چکا ہوں کہ اس پتھر کو پھینک دے۔ اب اگر میں کسی دوسرے شخص کو اس پتھر کے اٹھانے کا حکم دوں گا تو پھر میری بات کا اعتبار اٹھ جائے گا اور لوگ مجھے متلون مزاج سمجھنے لگیں گے۔ ظاہر ہے کہ رعایا کا اپنے بادشاہ کے متعلق ایسا خیال رکھنا کسی طرح مناسب نہیں۔ مورخین بیان کرتے ہیں کہ یہ پتھر سلطان بہرام شاہ غزنوی کے دور کے آخر تک اسی جگہ پڑا رہا کہ سلطان ابراہیم کے حکم کی اس کے بعد بھی اس قدر وقعت تھی کہ اتنا عرصہ گذر جانے کے بعد بھی کسی نے مرحوم بادشاہ کے حکم کی خلاف ورزی نہ کی۔
وفات
ترمیمسلطان ابراہیم کے ابتدائی دور حکومت میں ابو سہیل خجندی اور خواجہ مسعود رحجی وزیر تھے مگر آخری زمانے میں یہ خدمات عبد المجید احمد بن عبد الصمد سر انجام دے رہا تھا۔ سلطان ابراہیم غزنوی کی وفات کے متعلق مورخین میں اختلاف ہے۔ بعض کے نزدیک اکتیس سال حکومت کرنے کے بعد 481ھ میں وفات پائی۔ بعض مورخین کے نزدیک بیالیس سال حکومت کرنے بعد 492ھ بمطابق 1109ء میں وفات پائی۔ [3] سلطان کی عمر بوقت وفات ساٹھ سال تھی۔
اولاد
ترمیمسلطان ابراہیم غزنوی کثیر الاولاد تھا۔ اس کی چھتیس بیٹے اور چالیس بیٹیاں تھی۔ [4] دوسری روایات کے مطابق چھبیس بیٹے اور چالیس ہی بیٹیاں تھیں۔ اس نے بیٹیوں کی شادیاں ملک کے مشاہیر، سادات اور علما کے ساتھ کروایں۔ [5] سلطان ابراہیم غزنوی کے ایک بیٹے کا نام تاریخ میں ملتا ہے جو سلطان کا جانشین ہوا۔
- سلطان مسعود غزنوی سوم
سکے
ترمیمسلطان ابراہیم غزنوی کے دور کے درج ذیل سکے تاریخ میں ملتے ہیں۔
- ابراہیم بن مسعود
- ابو مظفر ابراہیم
- سلطان الاعظیم
- ظہیر الادولہ
- ناصر الدولہ ظہیر الملتہ
- قاہر الملک سید السلاطین [6]
حوالہ جات
ترمیم- ↑ تاریخ فرشتہ تالیف محمد قاسم فرشتہ اردو متراجم عبد الحئی خواجہ جلد اول صفحہ 119
- ↑ ہندوستان کے مسلمان فاتح و تاجدار مولف سید محمد عمر شاہ صفحہ 53
- ↑ تاریخ فرشتہ تالیف محمد قاسم فرشتہ اردو متراجم عبد الحئی خواجہ جلد اول صفحہ 119 تا 121
- ↑ ہندوستان کے مسلمان فاتح و تاجدار مولف سید محمد عمر شاہ صفحہ 54
- ↑ تاریخ فرشتہ تالیف محمد قاسم فرشتہ اردو متراجم عبد الحئی خواجہ جلد اول صفحہ 121
- ↑ ہندوستان کے مسلمان فاتح و تاجدار مولف سید محمد عمر شاہ صفحہ 54