الیگزینڈر ریلوے پل، وزیر آباد
الیگزینڈر ریلوے پل، دریائے چناب پر واقع ہے جو کراچی-پشاور ریلوے لائن پر لاہور اور جہلم کے درمیان وزیرآباد جنکشن ریلوے اسٹیشن کے بعد واقع ہے۔ یہ پل 18 سپینز پر مشتمل ہے اور ہر سپین کی لمبائی 42.80 میٹر ہے۔ الیگزینڈر ریلوے پل کو پنجاب ناردرن سٹیٹ ریلوے نے تعمیر کیا تھا اور اس بنیاد یکم نومبر 1871ء کو رکھی گئی تھی۔ اس پل کا افتتاح پرنس آف ویلز نے 27 جنوری 1876ء کو کیا تھا۔ افتتاح کے بعد یہ پل لاہور سے جہلم کے درمیان 103 میل سیکشن پہلی بار ریل ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا تھا۔ راوی ریلوے پل لاہور اور الیگزینڈر پل/چناب پل کو پہلے میٹر گیج ریلوے لائن کے لیے تعمیر کیا گیا تھا لیکن دو سال بعد انھیں براڈ گیج ریلوے لائن کے حساب سے دوبارہ تعمیر کیا گیا تھا۔ پہلی میٹر گیج ٹرین الیگزینڈر پل سے 23 دسمبر 1875ء کو پار کر کے گجرات پہنچی تھی۔ لاہور، جہلم سیکشن پر پہلی بار پنجاب ناردرن سٹیٹ ریلوے نے 103 میل کے اندر تین دریاؤں پر تین پل تعمیر کیے تھے۔ پہلا دریائے راوی پر لاہور جنکشن اور شاہدرہ جنکشن کے درمیان راوی پل، دوسرا وزیر آباد اور گجرات کے درمیان چناب ریلوے پل (الیگزینڈر پل ) اور تیسرا سرائے عالمگیر اور جہلم کے درمیان دریائے جہلم پر جہلم ریلوے پل تھا۔