یسوع (عبرانی: יֵשׁוּעַ؛ سریانی: ܝܫܘܥ) مسلمانوں اور مسیحیوں دونوں کے نزدیک نہایت مقدس ہستی ہیں۔ مسلمان ان کو اللہ کا برگزیدہ نبی مانتے ہیں اور عیسیٰ کے نام سے پکارتے ہیں۔ مسیحیت میں دو طرح کے گروہ ہیں۔ ایک جو ان کو خدا کا نبی مانتے ہیں اور دوسرا جو ان کو تثلیث کا ایک کردار مانتے ہیں اور خدا کا درجہ دیتے ہیں۔ بعض یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ وہ خدا کا بیٹا ہیں مگر مسلمانوں اور کچھ مسیحیوں کے مطابق اللہ یا خدا ایک ہے اور اس کی کوئی اولاد یا شریک نہیں۔ یہودیت میں انہیں نبی نہیں مانا جاتا بلکہ یہودی یہ بھی نہیں مانتے کہ وہ بغیر باپ کے پیدا ہوئے ہیں۔ جبکہ مسلمان اور مسیحی دونوں یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ یسوع مسیح بغیر باپ کے ایک کنواری ماں مریم سے پیدا ہوئے۔

آج سے تقریباً دو ہزار سال پیشتر مشرق وسطیٰ میں یسوع مسیح جنہیں اہل اسلام عیسیٰ ابن مریم کہتے ہیں معبوث ہوئے۔ اس وقت وہاں پر رومی حکومت کا قبضہ تھا۔ مقامی بادشاہ اور گورنر اس کے ماتحت ہی حکومت کرتے تھے۔ سیدنا یسوع مسیح کی تعلیمات اور آپ کی نوعِ انسانی کے لیے محبت سے دنیا کی تمام اقوام آگاہ ہیں۔ بے شک اس امر میں اَختلاف رائے تو پایا جاتا ہے کہ سیدنا یسوع مسیح کون تھے، لیکن غیر متعصب اشخاص کی اکثریت اِس بات پر متفق ہے کہ اگر آپ کی تعلیمات اور آپ کے نمونہ پر عمل کیا جائے، تو محبت اور رحمدلی کو فروغ ہوگا اور نفرت، ظلم اور غرباء کی استحصال میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔


۔۔۔وثائق مزید۔۔۔