طلیطلہ (Toledo) میں ابراھیم ابن سعید الساحلی (1067؟) کا بنایا ہوا ایک اسطرلاب جو اندلس کے ایک عجائب گھر میں موجود ہے۔

اسلامی عہد زریں سے مراد تاریخ (اور بطور خاص مغربی مصنفین کی کتب) میں اس عہد یا زمانے کی لی جاتی ہے جو آٹھویں صدی تا تیرہویں صدی عیسوی تک محیط ہے، جبکہ بعض مورخین وتاریخی ذرائع اسے بندھرویں اور سولہویں صدی تک قائم رکھتے ہیں۔ اسلامی دور عروج یا اسلام کے عہد زریں کو بعض اوقات (بطور خاص مغربی مصنفین کی اصطلاح میں) اسلامی نشاۃ ثانیہ یعنی Islamic renaissance کے نام سے جانا جاتا ہے ؛ اردو میں اسکے ليے ایک اور لفظ عصرِ نہضہ یا عصرالنھضہ بھی اختیار کیا جاتا ہے جو نشاۃ ثانیہ کی نسبت زیادہ بہتر ہے کیونکہ نشاۃ ثانیہ کو النھضہ بھی کہا جاتا ہے جبکہ انگریزی میں اسکے ليے renaissance کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔ النھضہ کا لفظ نھض سے ماخوذ ہے اور اسکے معنی قیام کرنا (یعنی اٹھ کھڑا ہونا) ، بیدار ہونا ، ابھرنا وغیرہ کے ہوتے ہیں جو کہ انگریزی کلمہ renaissance میں پاۓ جاتے ہیں۔ فی الحقیقت انگریزی میں یہ لفظ دو الفاظ سے بنا ہے re بمعنی دوبارہ اور nasci بمعنی پیداہونے کے۔ اردو میں استعمال کیا جانے والا لفظ نشاۃ ثانیہ بھی گویا عربی زبان سے ہی آیا ہے مگر اسکے ساتھ ثانی کا لفظ آنے کی وجہ سے بعض اوقات انگریزی زبان سے تراجم اور مغرب میں مروج اصطلاحات کے متبادل کی صورت میں مبالغہ آمیز ہو سکتا ہے ؛ مثال کے طور پر Islamic renaissance مغربی مصنفین کے کتب میں آنے والا ایک ایسا لفظ ہے کہ جسکو نشاۃ ثانیہ بھی کہنا اور ساتھ ساتھ اسلام کا ابتدائی زمانہ بھی کہنا ہوسکتا ہے کہ مذہب اسلام کے بنیادی تصور پر تو درست ہو مگر ایک تاریخی زمانے کے تصور میں مبہم ہو جاتا ہے۔ بعد اس تمہید یا انتباہ کے رقم یہ ہے کہ چونکہ نشاۃ ثانیہ کا لفظ ہی اردو میں زیادہ مستعمل ہے لہذا اس مضمون میں Islamic renaissance کی اصطلاح کے متبادل نھضۃ السلام اور یا اسلامی عصرنہضہ کے ساتھ ساتھ اسلامی نشاۃ ثانیہ بھی کو بھی اسی مفہوم میں درج کیا گیا ہے۔