تبادلۂ خیال:تحفۂ اثنا عشریہ
تحفۂ اثنا عشریہ کے جوابات
ترمیمشیعہ علما نے موقف اختیار کیا کہ شاہ عبد العزیز نے شیعہ مسلک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے علم مناظرہ اور نقل حدیث کے آداب و رسوم کی خلاف ورزی کی ہے۔ اکثر شیعہ علما نے اس کتاب کے ہر باب کا الگ الگ کتاب کی صورت میں رد کیا۔ آیت الله سید دلدار علی نقوی ؒ نے شیعہ عقیدہ توحید ، نبوت ، امامت و آخرت کے خلاف لکھے گئے ابواب پنجم ،ششم، ہفتم و ہشتم کے رد میں "الصَّوارمُ الإلهیّات فی قَطْع شُبَهات عابدی العُزّی و اللّات" ، "حِسامُ الاسلام و سَهامُ المَلام"، " خاتِمَةُ الصَّوارم" ،"ذو الفقار"اور "اِحْیاءُ السُّنّة و اماتَةُ الْبِدْعَة بِطَعْنِ الأسِنَّة" لکھیں۔ علامہ سید محمد قلی موسوی ؒنے تحفہ اثنا عشریہ کے پہلے، دوسرے، ساتویں، دسویں اور گیارہویں ابواب کا الگ الگ جواب دیا اور ان کتب کا مجموعہ "الأجناد الإثنا عشريۃ المحمديۃ" کے عنوان سے شائع ہوا۔ مولانا خیر الدین محمد الہ آبادی ؒ نے باب چہارم کے جواب میں "هدایة العزیز " لکھی۔ ان کے علاوہ بھی کئی علما نے تحفہ اثنا عشریہ کے ابواب کے رد میں کتب تصنیف کیں جن میں شیعہ مکتب فکر کا موقف واضح کیا گیا- البتہ بعض علما نے اس کے تمام ابواب کے جواب میں ایک ہی کتاب لکھی جن میں سے علامہ سید محمّد کمال دہلوی ؒنے" نزھۃ اثنا عشریۃ"[1] اور مرزا محمد ہادی رسواؒ نے اردو میں "تحفۃ السنۃ " لکھیں۔ نزھہ اثنا عشریہکی اشاعت تو تحفہ اثنا عشریہ کی پہلی اشاعت کے تین سال بعد ہی ہو گئی تھی اور اس وجہ سے ریاست جھاجھڑ کے سنی راجا نے علامہ سید محمّد کامل دہلویؒ کو بطور طبیب علاج کروانے کے بہانے سے بلوایا اور دھوکے سے زہر پلا کر قتل کر دیا۔ ان جوابات کی اشاعت کے نتیجے میں شاہ عبد العزیز کے شاگرد سید قمر الدین حسینی، جن کے لیے انہوں نے" اجالہ نافعہ "کے عنوان سے علم حدیث کا ایک رسالہ لکھا تھا، نے شیعہ مسلک اختیار کر لیا[2]۔ تحفہ اثنا عشریہ کی رد میں لکھی گئی کتب میں سب سے زیادہ شہرت جس کتاب کو نصیب ہوئی وہ آیت اللہ میر سید حامد حسینؒ اور ان کی اولاد کی لکھی گئی بیس جلدوں پر مشتمل کتاب "عبقات الانوار فی امامۃ الائمۃ الاطہار" ہے[3] جو تحفہ اثنا عشریہ کے ساتویں باب کے رد میں لکھی گئی تھی، یہ کتاب آج تک شیعہ عقیدہ امامت پر لکھی گئی جامع ترین کتاب ہے۔
Dr. Hamza Ebrahim (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 23:34، 2 جنوری 2021ء (م ع و)
- ↑ "نزھہ اثنا عشریہ"۔ 25 دسمبر 2018 میں اصل سے آرکائیو شدہ
- ↑ علامہ عبد الحئی بن فخر الدین،"نزهة الخواطر وبهجة المسامع والنواظر"، جلد 7، شمارہ 713، "الشیخ قمر الدین دہلوی"- دار ابن حزم، بیروت، لبنان، 1999.
- ↑ "عبقات الانوار"۔ 25 دسمبر 2018 میں اصل سے آرکائیو شدہ