جلال لکھنوی
پیدائش: 1834ء
وفات: 1909ء
اردو شاعر و قواعد نگار حکیم سید اصغر علی داستان گو کے بیٹے ۔لکھنؤ میں پیدا ہوئے۔ نواب آصف الدولہ کے مدرسے سے تعلیم پائی۔ اور آبائی پیشہ طباعت اختیار کیا۔ شروع میں امیر علی خاں ہلال، اس کے بعد میر علی اوسط رشک اور آفتاب الدولہ برق سے اصلاح لی۔ 1857ء کے بعد نواب یوسف علی خاں نے رامپور طلب کیا جہاں ان کے والد داستان گویوں کے زمرے میں ملازم تھے۔ نواب کلب علی خان نے تخت نشین ہو کر سو روپے ماہانہ تنخواہ مقرر کر دی۔ تقریباً بیس برس دربار رامپور سے منسلک رہے۔ نواب صاحب کے انتقال اور کونسل آف ریجنسی قائم ہونے پررامپور چھوڑنا پڑا۔ نواب حسین میاں والئی ریاست مانگرول ’’کاٹھیا واڑ‘‘ نے اپنے یہاں بلا لیا مگر ناموافقت آب و ہوا کے باعث جلد ہی لکھنؤ واپس آ گئے۔ لکھنؤ میں وفات پائی۔ تصانیف میں چار دیوان، دو لغت اور عروض و قواعد زبان پر کئی رسالے ہیں۔