جیسکا کیمپبل جونز کیج ایک افسانوی سوپر ہیرو کردار ہے جو مارول کامکس کی شایع کردہ کامِک بُکس میں ملتی ہے۔ اِس کے تخلیق کاروں میں قلم کار برائن مائیکل بینڈس اور مصّور مائیکل گیڈوس شامل ہیں۔ اِس کردار کو پہلی مرتبہ ایلیئس کامکس کے اولین شمارے (نومبر 2001ء) میں متعارف کرایا گیا؛ اِس کہانی میں یہ کردار ایک سابقہ سوپر ہیرو تھی جو اب ایک پیشہ وارانہ جاسوس کے طور پر ایلیئس پرائیویٹ انویسٹیگیشنز کو چلاتی تھی۔ بعد از، اِس کردار کو ایلیئس کامکس کے ساتھ ساتھ ایک اور سلسلہ وار کامک دی پَلس میں بھی دکھایا گیا۔ اپنے خاوند لیوک کیج کے ہمراہ جیسکا نیو آوینجرز کی ممبر رکن بن گئی۔ مارول کامکس کے 2010ء کے اِس دورِ اشاعت کو ہیروئک دور کہا جاتا ہے۔ دیگر اوقات پر، جیسکا نے اپنے لیے مُختلف سوپر ہیرو نام چُنے جن میں جیول، نائٹریس اور پاور وومن سرِ فہرست ہیں۔ کریسٹن رٹر نے نیٹفلکس کے ڈرامائی سلسلہ جیسکا جونز میں اِس کردار کو نبھایا ہے۔

تاریخ اشاعت ترمیم

جیسکا جونز پہلی دفعہ مارول میکس مارکہ کامِک بُک ایلیئس میں متعارف کرائی گئی، جس کا اپنے ہمنام ٹیلی ویژن پروگرام سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اِس کردار اور سلسلہ وار کامِک بُک کے خالق برائن مائیکل بینڈس تھے اور اِس میں مصّوری کا کام مائیکل گیڈوس نے کیا۔ 2001ء تا 2005ء ایلیئس کے 26 شمارے شایع ہوئے جن میں سے بیشتر شماروں کے کوور پر ڈیوڈ ڈبلیو میک کا کام ملتا ہے۔ اِس کامکی سلسلے کے اختتام پر جیسکا اور اِس کامک کے دیگر اور کرداروں کو بینڈس اپنی آئندہ کامِک بُک دی پلس میں لے گئے۔

افسانوی سوانح حیات ترمیم

ابتدا ترمیم

مڈٹاؤن ہائی اسکول کی طلبہ جیسکا کیمپبل تب وہاں موجود تھی جب پیٹر پارکر کو تابکاری درخشاں مکڑی نے کاٹا جس سے وہ سپائیڈر مین بن گیا۔ وہ دل ہی دل میں پیٹر پارکر کو پسند کرتی تھی اور ابھی جیسکا ہمّت جُتا کر اُس سے بات کرنے کو آگے بڑھی ہی تھی کہ پارکر کو مکڑی نے کاٹ لیا اور وہ کُچھ پل کی بدحواسی میں جیسکا کو دیکھے بغیر چلتا بنا۔ جیسکا کو جانی سٹارم بھی بیحد پسند تھا۔

جیسکا کے والد کو اپنے باس ٹونی سٹارک کی طرف سے ڈِزنی وَرلڈ کی ٹِکٹیں ملیں۔ وہاں سے واپسی پر کیمپبل خاندان کی گاڑی ایک عسکری کانوائے سے جا ٹکرائی اور ٹرکوں پر لدے تابکاری کیمکل اِن پر آ گرے۔ جیسکا کے والدین موقعے پر ہلاک ہو گئے اور وہ خود کوما میں چلی گئی۔ کوما سے جیسکا تب جاگی جب گلاکٹس ہسپتال میں اِس کے کمرے کے باہر آ پہنچا۔ بعد ازاں، جیسکا کو ایک یتیم خانے لے جایا گیا جہاں اِس کو جونز خاندان نے اپنی لے پالِک بیٹی بنا لیا۔

جیسکا کو بعد میں معلوم ہوا کہ جو تابکاری مواد اِس پر آ گرا تھا اُس کی وجہ سے اِسے غیر معمولی طاقتیں مل گئی تھیں جن میں حیرت انگيز قوت، ناقابلِ تسخیر جرات اور اڑان شامل تھیں۔ جیسکا کے والدین نے اِسے دوبارہ مڈٹاؤن ہائی اسکول میں داخلہ دِلوا دیا جہاں باقی بچے اِس کا مزاق اڑاتے تھے۔ اِن بچوں میں فلیش تھامپسن سرِ فہرست تھا۔ پیٹر پارکر نے جیسکا میں اپنے جیسے ایک انسان کو دیکھا اور کئی مرتبہ اِس کی معاونت کرنے کی کوشش کی لیکن جیسکا اُس کی مہربانی کو محض تاسُف سمجھتی رہی۔

اپنی کلاس کے باہر ایک دن جیسکا نے سپائیڈر مین کو اپنے حریف سینڈ مین سے لڑتے دیکھا اور تہیہ کر لیا کہ یہ بھی اپنی قوّتوں کو اچھے کاموں کے لیے استعمال کرے گی۔

سوپر ہیرو کے طور پر ترمیم

اپنے سوپر ہیرو اوتار جیول کے طور پر تو جیسکا تب تک نمایاں نہ ہو سکی جب اچانک ایک دن اس کا سامنا ڈیئرڈیول کے مدت دراز ایک حریف زیبیڈایا کلگریو عرف پرپل مین سے نہ جا ہوا۔ کلگریو کے پاس یہ طاقت تھی کہ وہ کسی بھی شخص کے دماغ اور سوچوں کو اپنے قبضے میں کر سکتا تھا اور یوں اُس نے جیسکا کو بھی اپنے قابو میں کر لیا۔ یہ روز جیسکا کو نفسیاتی طور پر اذیت پہنچاتا اور اِسے اپنے گھِنونے کاموں کے لیے استعمال کرتا تھا۔ آٹھ ماہ کے عرصے میں جیسکا اپنی سوچوں اور کلگریو کے احکام میں تفریق کرنے سے بھی قاصر ہو گئی۔

ایک دن غصّے میں آ کر پرپل مین نے جیسکا کو حُکم دیا کہ وہ جا کر ڈیئرڈیول کو قتل کرے اور ایسا کرنے کے لیے اُس نے جیسکا کو آوینجرز مینشن بھیج دیا۔ جیسکا نے مینشن میں موجود اُس پہلے شخص پر وار کرنا شروع کر دیا جو لال پوشاک پہنے دِکھا؛ یہ سکارلٹ وچ تھی۔ جب کلگریو کا اثر اُترنا شروع ہوا تو جیسکا نے وہاں سے بھاگنا مُناسب سمجھا، بھاگتے ہوئے وہ پکڑی گئی اور سوپر ہیرو ویژن اور آئرن مین کے ہاتھوں خوب مار کھائی۔ اگر کیرل ڈینورز ٹھیک وقت پر وہاں نہ پہنچتی تو جیسکا وہاں سے جان بچا کر نہ بھاگ سکتی۔ ڈینورز وہ واحد سوپر ہیرو تھی جو جیسکا کو پہچانتی تھی اور اُس نے جیسکا کو اپنی حفاظتی تحویل میں لے لیا۔

پیشہ وارانہ جاسوس کے طور پر ترمیم

جیسکا نے اپنی سوپر ہیرو زندگی سے اِجتناب کرتے ہوئے ایک جاسوسی ادارے کی بُنیاد رکھی اور ایک پیشہ وارانہ جاسوس کے طور پر کام شروع کیا۔ اِس کے اکثر کلائنٹ اِس کی سابقہ سوپر ہیرو زندگی سے متاثر ہو کر اِس کے پاسس آیا کرتے تھے۔ جیسکا جتنا اپنی سوپر ہیرو زندگی سے پیچھا چھُڑانا چاہتی تھی اُتنا ہی اِس کی طرف کھِچی چلی آتی تھی۔ کیرل ڈینورز نے جیسکا کو سکاٹ لینگ عرف اینٹ مین سے مِلوایا اور اِن میں دوستی بڑھتی رہی۔ اِس ہی دورانئے میں جیسکا کی ملاقات لیوک کیج سے ہوئی جس سے جیسکا نے بعد میں شادی بھی کر لی۔

کِلگریو ابھی بھی جیسکا کی سوچوں میں محو تھا اور وہ اپنی قید سے فرار ہو گیا۔ اُس نے جیسکا کا حوصلہ پست کرنے کے لیے جیسکا کو قابو کر کہ اِسے یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ جیسکا کے دونوں عاشق سکاٹ لینگ اور لیوک کیج اب کیرل ڈینورز کے ساتھ ہیں۔ جین گرے کی سمجھائی ترکیبوں پر عمل کرتے ہوئے جیسکا نے اپنے آپ کو کِلگریو کے اِختِيار سے چھڑوا لیا۔ آزاد ہونے کے بعد، جیسکا نے کِلگریو پر حاوی ہو کہ جیت اپنے نام کی۔

کُچھ عرصہ بیت جانے کے بعد جیسکا اور لیوک کیج نے ایک دوسرے سے مُحبّت کا اِظہار کیا۔ جب جیسکا لیوک کے بچے سے حاملہ تھی، اِن دونوں نے ہمیشہ ساتھ رہنے کی ٹھان لی۔

دی پلس ترمیم

تھوڑے عرصے کے لیے جیسکا نے اپنا جاسوسی کاروبار چھوڑ کر ڈیلی بیوگل کے عملے کے ساتھ کنسلٹنٹ سوپر ہیرو کے طور پر کام کیا اور یوں دی پَلس نامی کامِک بُک کی اہم کردار بنی اور اِسی نام کے افسانوی کالم کے لیے مضمون بھی لکھتی رہی۔ جب بیوگل اخبار میں رپورٹ شایع ہوئی کہ نارمن آسبورن ہی دراصل گرین گوبلن ہے تو تیش میں آ کر گرین گوبلن نے حاملہ جیسکا جونز پر دھاوا بول دیا۔ جوابی کارروائی میں جب لیوک کیج نے گرین گوبلن پر وار کیا تو یہ بات واضح ہو گئی کہ نارمن آسبورن واقعی گرین گوبلن تھا اور یوں آسبورن کو قید ہو گئی۔ جیسکا نے اُس وقت اپنی نوکری سے استعفیٰ دیا جب جے جوناہ جیمیسن نے اپنے اخبار کے ذریعہ نیو آوینجرز پر کیچڑ اُچھالنا شروع کر دیا۔ جب بیوگل اخبار نے جیسکا سے اِس کی بیٹی کی پیدائش کی خصوصی رپورٹنگ کے لیے اِس کی اجازت طلب کی تو جیسکا نے انھیں منا کر دیا اور یوں اِس نے بیوگل پر بالآخر اپنے دل کی بھڑاس نکالی۔

طاقتیں اور صلاحیتیں ترمیم

تجرباتی کیمیائی مواد اوپر گرنے سے اور کُچھ وقت کوما میں بسر کرنے سے جیسکا کے پاس غیر معمولی طاقتیں ہیں؛ اِس کے پاس حیرت انگیز قوّت ہے؛ یہ دو ٹن والی پولیس کی گاڑی باآسانی اُٹھا سکتی ہے۔ اپنی اِس قوّت کو استعمال کرتے جیسکا نے ایک مرتبہ جن قامت گولایتھ کو نَتھنوں سے پکڑ کر کُچھ دوری پر دے پھینکا تھا، ایٹلس کی ناک توڑی اور اپنی ساتھی سوپر ہیرو جیسکا ڈریو کو ایک مُکّا مار کر بیہوش کر دیا۔ میوٹنٹ گروتھ ہارمون سے متاثر ایک شخص کے مارنے پر جیسکا کی ناک سے بس خون نِکلا اور کُچھ نیل پڑے، جبکہ جیسکا ڈریو کے وینم بلاسٹ کی ضرب سے یہ زیادہ دیر زیر نہ رہی۔ اتنی ناقابلِ تسخیر جُرات ہونے کے باوجود جیسکا کی پسلی، ناک اور گردن ٹوٹ گئی اور اِسکی آنکھوں کا شبکیہ اپنی جگہ سے ہِل گیا جب آئرن مین اور ویژن نے اِس پر حملہ کیا۔

دوسرے میڈیا میں کردار کا استعمال ترمیم

ٹیلی ویژن ترمیم

  • 20 نومبر 2015ء کو نیٹفلیکس نے جیسکا جونز نامی ایک سلسلہ وار ڈراما پیش کیا جس میں جیسکا کا کردار کریسٹن رٹر نے نبھایا اور اِس کو چلانے کا کام میلیسا روسنبرگ کے سپرد کیا گیا۔ اِس ڈرامے میں جونز کِلگریو نامی آدمی کو ڈھونڈ رہی ہوتی ہے اور اِس کی وہ پوشاک بھی کچھ لمحے کے لیے دکھائی جاتی ہے جو یہ تب پہنا کرتی تھی جب یہ ایک سوپر ہیرو تھی اور اِس کا نام جیول تھا۔
  • رٹر بعد ازاں دی ڈیفنڈرز نامی ٹیلی ویژن ڈرامے میں جیسکا جونز کا کردار نبھاتی ہوئی دکھائی دیں گی۔