خشک دھلائی یا خشک شوئی (انگریزی: Dry Cleaning) لباس اور کپڑے کی صفائی کا ایک ایسا عمل ہے جس میں پانی کی جگہ ایک کیمیاوی محلّل استعمال ہوتا ہے۔ عموماً استعمال ہونے والا محلّل Tetrachloroethylene یا Perchloroethylene ہوتا ہے۔ یہ طریقہ ایسے کپڑوں کو صاف کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جو دھلائی مشین اور آلہ خشکاری کی سختی برداشت نہ کرسکیں۔

ایک جدید عصری آلہ خشک دھلائی

عام دھلائی میں پانی، صابن اور سوڈے کا استعمال ہوتا ہے۔ کپاس کے کپڑے کے لیے دھلائی کا یہ طریقہ موزوں ہے لیکن اونی، ریشمی، رے یون اور اس جیسے دیگر کپڑے کے لیے موزوں نہيں۔ دھلائی کے اس طریقے میں ان کپڑوں کے ریشے کمزور ہو جاتے ہیں، اگر کپڑا رنگین ہو تو رنگ بھی مدھم پڑ جاتا ہے۔ چنانچہ ان کپڑوں کو دھونے کے لیے خشک شوئی کا طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔ اس طریقہ پر محض ملبوسات نہیں دھوئے جاتے بلکہ گھریلو سجاوٹ کے ساز و سامان بھی خشک شوئی کے ذریعہ دھوئے جاتے ہیں۔

خشک شوئی کا فن اب بہت ترقی کر گیا ہے۔ اس سے دھلائی جلدی اور اچھی ہوتی ہے اور کپڑے کے ریشے اور رنگوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔ خاص طور پر اونی کمبل وغیرہ کے لیے یہ طریقہ بہت مفید ہے۔

مزید دیکھیے

ترمیم