رستم
رستم ایران کا مشہور افسانوی ہیرو، حاکم اور پہلوان تھا۔ اسے رستم داستاں بھی کہا جاتا ہے۔
سیستان سام کا پوتا اور زال کا بیٹا تھا۔ ماں کا نام رودابہ تھا جو کابل کے بادشاہ مہراب کی بیٹی تھی۔ اس کی طاقت اور شجاعت کے کارنامے ایران اور توران کی لڑائیوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ فارسی ادب میں کثرت سے اس کا ذکر موجود ہے اس نے تورانی بادشاہ افرسیاب کو بار بار شکست دی اور کیانی خاندان کے بانی کیقباد کو ایران کے تخت پر بٹھایا۔ پھر جب دیو سپید نے کیکاؤس کو شکست دی تو رستم اس کی مدد کو نکلا۔ رہ میں اس نے سات مہمیں سر کیں جو ’’ہفت خوانِ رستم ‘‘ کے نام سے مشہور ہیں۔ اپنے مشہور گھوڑے رخش پر سوار ہو کر اس نے اژدنگ دیو اور دیو سپید کو قتل اور کیکاؤس کو فتح یاب کیا۔ افرسیاب سے جنگ میں اس کا بہادر بیٹا سہراب اسی کے ہاتھوں قتل ہوا۔ آخر عمر میں گستاسپ کے بیٹے اسفندیار کو مقابلے میں شکست دی اور جان سے مارا۔ کچھ عرصے کے بعد ایک گڑھے میں گر کر ہلاک ہوا جو اس کے بھائی نے کھدوایا تھا۔ رستم کے کارناموں کی داستان فردوسی کے شاہنامے میں تفصیل سے درج ہے۔
رستم زابلی کے نام سے بھی اس کا ذکر ملتا ہے کیونکہ وہ زابلستان کا حاکم بھی تھا۔