ریختہ فاؤنڈیشن اردو زبان و ادب اور تہذیب کے فروغ کے لیے بھارت میں قائم شدہ ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے۔ ادارے نے سنہ 2013ء میں اپنی ویب گاہ rekhta.org کے نام سے شروع کی جو جلد ہی اردو شاعری کی سب سے بڑی ویب گاہ بن گئی۔ اس ویب گاہ میں شاعری کے علاوہ آڈیو ویڈیو مواد بھی بڑی تعداد میں موجود ہے۔ نیز ہزاروں نادر کتابیں آن لائن مطالعے کے لیے دستیاب ہیں اور ساتھ ہی ایک اردو لغت بھی تیار کی گئی ہے۔ سنہ 2015ء سے ادارے نے جشن ریختہ کے نام سے ایک سالانہ جشن اردو کا آغاز کیا۔

ریختہ فاؤنڈیشن
بانیسنجیو صراف
قسم501(c)(3)۔ Irrevocable Public Charitable Trust
قیام2013ء
صدر دفترنوئیڈا، اترپردیش
طریقہ کارریختہ
ویب سائٹhttps://rekhtafoundation.org

بانی ترمیم

اس ادارے کے بانی سنجیو صراف ہیں جو پولی پلیکس کارپوریشن لمیٹڈ کے صدر ہیں۔ ایک کامیاب صنعت کار ہونے کے ساتھ ساتھ وہ اردو زبان اور اس کی شیرینی کے عاشق ہیں۔ ان کے نزدیک اردو محض زبان ہی نہیں، ایک مکمل تہذیب کا نام ہے جس کا وجود ضروری اور جس کی خوبصورت سے لطف اندوز ہونا لازمی ہے۔[1]

جشن ریختہ اور دیگر تقریبات ترمیم

جشن ریختہ ایک سالانہ جشن ہے جسے اردو زبان و ادب اور فن و ثقافت کے فروغ کے لیے ریختہ فاؤنڈیشن منعقد کرتا ہے۔ یہ سہ روزہ جشن بھارت کے دار الحکومت نئی دہلی میں منایا جاتا ہے۔ اس میں متعدد فنکار اپنے فن پارے پیش کرتے ہیں۔ فن کے یہ نمونے ہر شعبہ زندگی مثلاﹰ ادب، ڈراما، فلم، موسیقی وغیرہ کی نمائندگی کرتے اور ان تمام شعبوں میں اردو کی موجودگی اور اس کی جمالیات ثابت کرتے ہیں۔[2]

اس کے علاوہ ریختہ فاؤنڈیشن ہر سال دیگر متعدد تقریبات کا انعقاد بھی کرتا ہے۔ ان میں ریختہ اسٹوڈیو کی تقریبات مثلاﹰ شام سحر، مزاحیہ مشاعرہ اور نوجوان شاعروں سے ملاقات قابل ذکر ہیں۔ مزید ریختہ فاؤنڈیشن نے "رنگ ریختہ" کے نام سے ایک نیا پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت بھارت کے مختلف شہروں میں موجود فنون لطیفہ کے شائقین کو یکجا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

اردو ادب کا تحفظ ترمیم

ریختہ فاؤنڈیشن نے اپنی ویب گاہ پر اردو کتابوں کا ایک علاحدہ شعبہ بنایا ہے جس میں فی الحال بیس ہزار سے زائد نادر و نایاب اردو کتابیں اور مختلف موضوعات پر نئی کتابیں، رسائل و مجلات موجود ہیں۔ نیز ادارے کے ذاتی کتب خانے میں مختلف افراد، کتب خانوں اور اشاعت خانوں کی عطا کردہ ہزاروں کتب کا بہترین انتخاب بھی موجود ہے۔

مزید دیکھیے ترمیم

حوالہ جات ترمیم

  1. https://www.youtube.com/watch?v=mKOlwu_X5JI جناب سنجیو صراف کا انٹرویو، اکتوبر 2013ء
  2. http://indianexpress.com/article/lifestyle/art-and-culture/jashn-e-rekhta-delhi-for-the-love-of-urdu/. دی انڈین ایکسپریس، 12 فروری، 2016ء

بیرونی روابط ترمیم