زوال عقل (dementia)، طب میں ایک ایسے مرض کو کہا جاتا ہے جس میں دماغ کی یاداشت اور سوچنے، گفتگو کرنے سمجھنے اور فیصلے کرنے کی طاقت و قابلیت متاثر اور ناقص ہو جاتی ہے یعنی ایک ایسا مرض کہ جس میں نسیان، بھول چوک اور روزمرہ کے دماغی کام انجام دینے کی صلاحیتیں معدوم ہوجائیں زوال عقل کہلاتا ہے اس کو عام الفاظ میں بھونے کی بیماری بھی کہا جاتا ہے۔ گویا کہ اس خلل عقلی کی کیفیت ایک مشہور مرض آلزھیمر (ِAlzheimer's) میں بکثرت دیکھنے میں آتی ہے مگر یہ خیال درست نہیں کہ زوال عقل ہمیشہ آلزھیمر کی بیماری کی وجہ سے ہی ہوتا ہے۔ اگرچہ زوال عقل کی بیماری پیرانہ سالی و عمررسیدگی میں عام ہے مگر اس کے باوجود اس کا تعلق صرف عمر سے قائم کر کہ اس میں ہونے والے دماغی نقائص کی وضاحت نہیں کی جاسکتی، مزید یہ کہ زوال عقل کا مرض سن بلوغت کی کسی بھی عمر میں واقع ہو سکتا ہے، اس بلوغت کی عمر کا لحاظ زوال عقل میں اہم ہے کیونکہ بلوغت سے قبل نوعمری میں بھی متعدد ایسے امراض واقع ہوا کرتے ہیں کہ جن کی علامات زوال عقل سے مماثل ہوسکتی ہیں مگر انکو امراضیاتی (pathological) نقطۂ نظر سے دیگر نام دیے جاتے ہیں، ایسے امراض کا ذکر نموئی اضطرابات (developmental disorders) میں دیکھا جاسکتا ہے۔