ساحر (سوفٹویئر)
- اگر یہ آپ کا مطلوبہ صفحہ نہیں تو دیکھیے، ساحر (ضدابہام)۔
ساحر (wizard) کا لفظ بنیادی طور پر اردو میں عربی زبان سے اخذ کیا گیا ہے اور اول الذکر زبان میں اس کو سہ حرفی لفظ سحر سے بنایا جاتا ہے جس کے معنی جادو کے ہوتے ہیں اور یہ لفظ سحر بھی اردو اور فارسی میں مستعمل ملتا ہے۔ علم کمپیوٹر (computer science) میں اس لفظ سے مراد کمپیوٹر پر نظر آنے والے اس سیماء (یعنی کمپیوٹر کے ایک رخ یا ایسے چہرے) کی ہوتی ہے جو کے (عمومی تصور میں) کسی ناتجربہ کار صارف کو مرحلہ وار کسی سافٹ ویئر پر کام کرنے کے سلسلے پر لے کر چلتا ہے۔ انگریزی زبان میں wizard کا لفظ اصل میں wise اور ard کو ملا کر بنایا جاتا ہے اور اس کے معنی تاریخی طور پر ' جاننے والے ' کے ہوا کرتے تھے لیکن سولہویں صدی سے یہ مفہوم میں وسعت اختیار کر کے ' مستقبل جاننے والے ' تک پہنچ گیا چونکہ مستقبل کے بارے میں جاننا اور فلسفہ میں لازم و ملزوم کا تعلق پایا جاتا ہے اور قرون وسطی کے زمانوں میں جادو اور فلسفے کے مابین حد مبہم سی پائی جاتی تھی اسی وجہ سے یہ لفظ ' جادوگر ' یعنی ساحر کے لیے بھی استعمال ہونے لگا۔ اپنے اسی جاننے والے کے تصور کی وجہ سے اس لفظ کو علم کمپیوٹر میں اس سافٹ ویئر کے لیے استعمال کیا جاتا ہے کہ جو خود تو جانتا ہو اور نا جاننے والے صارف کی راہنمائی کرتا ہو۔ لفظ ساحر بھی (جادوگر کے ساتھ ساتھ) مستقبل (یا عالم غیب) کو جاننے والے کے لیے اردو اور عربی تصور کا حامل ہے اور اسی بنیاد پر اس کو اردو میں wizard کا متبادل اختیار کیا جاتا ہے۔