شاہد خان
اس مضمون میں کسی قابل تصدیق ماخذ کا حوالہ درج نہیں ہے۔ |
شاہد خان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ 16 برس کی عمر میں پاکستان سے امریکا منتقل ہوئے اور پھر وہیں مستقل سکونت اختیار کر لی۔
شاہد خان | |
---|---|
خان 2014 میں
| |
معلومات شخصیت | |
پیدائش | لاہور, پاکستان |
جولائی 18, 1950
رہائش | نیپلس، فلوریڈا |
شہریت | ریاستہائے متحدہ امریکا، پاکستان |
قومیت | پاکستانی امریکی |
دیگر نام | شاد خان |
مذہب | اسلام[1] |
زوجہ | اَین خان |
اولاد | 2 |
عملی زندگی | |
تعليم | صنعتی علم ہندسہ (B.S.) |
مادر علمی | یونیورسٹی آف ایلینوئیس |
پیشہ | Owner: Jacksonville Jaguars (NFL) Fulham F.C. (Football League Championship) شاہد خان |
کھیل | امریکی فٹ بال |
درستی - ترمیم |
شاہد خان نے 1980ء میں اپنے سابق مالک سے آٹو پارٹس کمپنی فلیکس این گیٹ خریدی اور ان کی کامیابی کی وجہ ایک پیس کا بنا ٹرک بمپر ہے۔ اس وقت دنیا میں ان کی کمپنی کے 66 پلانٹس ہیں جن میں 24 ہزار ملازمین کام کر رہے ہیں۔ شاہدخان گاڑیوں کے فاضل پرزہ جات بنانے والی ایک بڑی امریکی کمپنی، فلیکس این گیٹ کے مالک ہیں۔ جب شاہدخان نے یہ کمپنی خریدی، تو وہ دیوالیہ ہو چکی تھی۔ شاہدخان نے نئے سرے سے اُسے کھڑا کیا اور آج یہ کمپنی شمالی امریکا میں فاضل پرزہ جات بنانے والی بڑی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس کے ’’52 کارخانے‘‘ پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں جن میں ’’13 ہزار‘‘ لوگ کام کرتے ہیں ۔ 2011ء میں فلیکس این گیٹ نے 3 ارب 40 کروڑ ڈالر (326 ارب 40 کروڑ روپے) کا مال فروخت کیا۔ امرا کی جائیدادوں کا حساب لگانے والے مشہور امریکی رسالہ، فوربس کے مطابق آج شاہد خان 5ئ2 ارب ڈالر (240 ارب روپے) کی جائداد رکھتے ہیں۔ گویا شاہدخان امریکی ارب پتیوں میں شامل ہو چکے۔ انھیں امیرترین پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیا۔ شاہدخان کی داستان جدوجہد بے مثال کامیابیوں سے عبارت ہے۔ وہ سونے کا چمچ منہ میں لے کر پیدا نہیں ہوئے بلکہ ان کا تعلق پاکستانی متوسط طبقے سے ہے۔ والد نے عمر بھر کی جمع پونچی خرچ کرکے ہونہار بیٹے کو امریکا بھجوایا تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکے۔ بیٹے نے تعلیم مکمل کی، تو پھر امریکا ہی میں بس گیا۔
شاہدخان کی کامیابیوں کا سفر ابھی جاری ہے۔ جنوری 2012ء میں انھوں نے امریکی فٹ بال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ نیشنل فٹ بال لیگ (NFL) میں شامل ٹیم، ’’جیگوار‘‘ 700 ملین ڈالر (تقریباً ساڑھے سات ارب روپے) میں خریدی۔ یوں انھیں یہ منفرد اعزاز حاصل ہوا کہ وہ کسی بھی اقلیتی نسل سے تعلق رکھنے والے پہلے فرد بن گئے جو این ایف ایل میں کسی ٹیم کے مالک ہیں۔ [2]
امریکی عوام نیشنل فٹ بال لیگ کے دیوانے ہیں۔ جب اس چیمپیئن شپ کے مقابلے ہوں، تو وہ سبھی کام چھوڑ کر انھیں دیکھتے ہیں۔ مقابلوں کا فائنل ’’’سپربائول سنڈے‘‘ کہلاتا ہے۔ یہ ایک مخصوص امریکی چیمپیئن شپ ہے، لیکن یہ امریکا کی آزادی و کھلے پن کا اعجاز ہے کہ ایک پاکستانی بھی اس دنیا میں داخل ہو گیا۔
تاہم شاہدخان کے نزدیک یہ سودا ان کی کاروباری صلاحیتوں کا امتحان بھی ہے۔ وجہ یہ ہے کہ این ایل ایف میں جیگوارز ہی سب سے کمزور ٹیم ہے۔ ایک حالیہ جائزے میں صرف 4ئ0 فیصد لوگوں نے جیگوارز کو اپنی پسندیدہ ٹیم قرار دیا۔ یوں وہ کل 32 ٹیموں میں سے آخری نمبر پر آئی۔
مزیدبرآں جیگوارز کی مارکیٹ بھی زیادہ بڑی نہیں، صرف جیکسن ویل شہر کا میٹروپولٹین علاقہ اس کا گڑھ ہے۔ اس علاقہ کی آبادی تقریباً 15 لاکھ ہے۔ ٹیم کی بدقسمتی کہ 2007ء سے اس نے کوئی میچ نہیں جیتا اور نہ ہی وہ کبھی فائنل میں پہنچی ہے۔ ان خامیوں کے باوجود شاہدخان پُرامید ہیں کہ ان کا منصوبہ ٹیم کو نئی بلندیوں اور کامرانیوں تک لے جائے گا۔ 2019ء میں ارب پتی افراد کی فہرست میں آٹو پارٹس بزنس سے منسلک پاکستانی نژاد شاہد خان بھی شامل ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 7 ارب 80 کروڑ ڈالر ہے۔ فوربس میگزین کی جاری کردہ فہرست میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 275 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے جو 3 ارب 10 کروڑ ڈالر اثاثوں کے مالک ہیں،
لاہور سے الینوائے تک
ترمیمشاہدخان 1950ء میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ میٹرک کیا، تو انھیں الینوائے یونیورسٹی میں داخلہ مل گیا۔ جب وہ نئے دیس میں پہنچے تو ان کی جیب میں صرف 500 ڈالر تھے۔ والد ٹھیکے داری کرتے تھے اور انھوں نے بڑی مشکل سے یہ رقم جمع کرکے بیٹے کو دی تھی۔
جب شاہد یونیورسٹی پہنچے تو ہوسٹل بند تھا، لہٰذا انھوں نے مقامی وائی ایم سی اے میں قیام کیا۔ وہاں رات کا کھانا اور کرایہ کمرا 3 ڈالرمیں پڑا۔ جب شاہد نے یہ رقم پاکستانی کرنسی میں تقسیم کی تو اُن کے چودہ طبق روشن ہو گئے۔ انھوں نے سوچا کہ اگر اخراجات کی رفتار یہی رہی، تو 500 ڈالر ختم ہونے میں دیر نہیں لگے گی۔
لیکن اگلے دن باورچی خانے میں انھیں پہلے امریکی کرشمہ کا سامنا ہوا۔ انھیں ایک ساتھی سے یہ جان کر خوشگوار حیرت ہوئی کہ وہ ایک گھنٹہ برتن دھو کر ڈیڑھ ڈالر کما سکتے تھے۔ گویا وہ چند گھنٹے برتن دھونے سے خرچ کی گئی رقم پا لیتے۔ وہ بتاتے ہیں ’’یہ جان کر مجھے آکسیجن مل گئی۔‘‘
شاہدخان پھر دل و جان سے تعلیم حاصل کرنے لگے۔ ان کا شمار یونیورسٹی کے قابل اور ہونہار طلبہ میں ہوا۔ دوران تعلیم ہی ان کی ملاقات ایک مہذب اور خوبرو دوشیزہ، این کالرن خان سے ہوئی۔ دونوں ایک دوسرے کو دل دے بیٹھے۔ محبت نے جلد ہی انھیں شادی کے بندھن میں باندھ دیا۔ آج وہ دو نوجوان بیٹوں، شنا اور ٹونی کے فخرمند والدین ہیں۔ ء21 ویں سالگرہ سے ایک ماہ قبل شاہد خان نے صنعتی انجینئری میں گریجوایشن کرلی۔ چونکہ ان کے علم کا چرچا تھا لہٰذا گاڑیوں کے سپیرپارٹس بنانے والی مقامی کمپنی، فلیکس این گیٹ میں بحیثیت انجینئری مینیجر ملازمت مل گئی۔
اس وقت کمپنی کے انجینئر تقریباً 15 ٹکڑے ویلڈ کر کے گاڑیوں کے بمپر بناتے تھے۔ یہ بمپر دیرپا ثابت نہ ہوتے اور جلد ٹوٹ جاتے۔ شاہد خان نے ٹکڑوں کی تعداد کم کر دی لیکن محنت کا انھیں کوئی خاص صلہ نہ ملا۔ بہرحال وہ 7 سال تک کمپنی سے وابستہ رہے۔ اس دوران انھیں گاڑیوں کے فاضل پرزہ جات بنانے کا خاصا تجربہ حاصل ہو گیا۔
1978ء میں شاہد خان نے فلیکس این گیٹ سے علحٰدہ ہو کر اپنی کمپنی، بمپرورکس کی بنیاد رکھی۔ اسے قائم کرنے کی خاطر وہ اپنی جمع پونجی، 16 ہزار ڈالر اور بینک قرضہ 50 ہزار ڈالر بروئے کار لائے۔ یہ چھوٹی سی کمپنی تھی لیکن اس نے ایک کارِ نمایاں کر دِکھایا… یہ کہ سٹیل کے ایک ہی ٹکڑے سے گاڑیوں کا بمپر بنانے میں کامیاب رہے۔ اب ایندھن بچانے کے لیے ایسے ہی بمپر ضروری تھے لہٰذا بہت جلد بمپرورکس کو گاہک مل گئے۔ ان میں جنرل موٹرز جیسا بڑا ادارہ بھی شامل تھا۔
شاہد خان پر مقدمہ
ترمیمتاہم شاہد صاحب کو جلد ہی گمبھیر مسئلہ کا سامنا کرنا پڑا۔ ہوا یہ کہ فلیکس این گیٹ نے تجارتی راز چرانے کے الزام میں ان پر مقدمہ کھڑا کر دیا۔ یہ سراسر بدنیتی پر مبنی تھا۔ کمپنی مالکان کو یقین تھا کہ اچھا وکیل نہ کرنے کے باعث شاہد خان مقدمہ ہار جائیں گے لیکن شاہدخان صاحب نے خود کمر کس لی۔ رقم کی شدید کمی تھی لہٰذا عدالتی معاملات نمٹانے کے لیے انھوں نے سستا ترین وکیل کیا اور بمپرورکس کا دفاع خود کرنے لگے۔ وہ صبح اپنا کاروبار دیکھتے اور رات کو چند گھنٹے اپنی مادرعلمی کی لائبریری میں گزارتے جہاں قانونی کتب ان کے زیرِمطالعہ رہتیں۔
مقدمہ 2 برس چلا۔ شاہد ہر مرحلہ جیتتے چلے گئے لیکن ان کے سر سے خطرہ نہ ٹلا۔ انھیں یہی دھڑکا لگا رہا کہ کہیں مخالفین مقدمہ نہ جیت جائیں۔ یہ خطرہ ٹالنے کی خاطر 1980ء میں شاہد خان نے اِدھر اُدھر سے رقم پکڑی اور فلیکس این گیٹ خرید لی۔ تب کمپنی ہر ماہ 50 ہزار ڈالر خسارہ میں جا رہی تھی۔
شاہد صاحب نے فیصلہ کیا کہ وہ کمپنی کو منافع بخش بنا کر رہیں گے۔ چنانچہ وہ اپنے ادارے کے فاضل پرزہ جات میں نہ صرف جدتیں لائے بلکہ انھیں زیادہ سے زیادہ پائیدار بھی بنایا۔ اعلیٰ معیار کے باعث گاڑیاں بنانے والے تمام بڑے امریکی ادارے اپنی مصنوعات میں شاہدخان کی کمپنیوں کے تیار کردہ بمپر اور فاضل پرزہ جات ہی استعمال کرنے لگے۔ ان میں جنرل موٹرز، ٹویوٹا اور مزدا نمایاں ہیں۔ کاروبار بڑھانے کے سلسلہ میں شاہد خان کا قول ہے ’’آپ کو اپنے شعبہ میں نمبر ایک کو چِت کرنے کی ضرورت نہیں، بس اپنے سے اگلے کو پیچھے چھوڑنے کا سوچیے۔ یوں کبھی نہ کبھی آپ بھی نمبر ایک ہو سکتے ہیں۔‘‘ آج امریکا میں ہر سال فروخت ہونے والی 50 سے 60 فیصد گاڑیوں میں شاہد خان کی کمپنیوں کے بنائے ہوئے سپیئرپارٹس ہی لگتے ہیں۔
جیگوارز کی خریداری
ترمیمشاہد خان کو امریکی فٹ بال کھیل بہت پسند ہے۔ جب دولت آئی، تو ان میں یہ خواہش پیدا ہوئی کہ وہ این ایف ایل کی کسی ٹیم کے مالک بنیں۔ 2010ء میں انھوں نے چمپئن شپ کی ایک ٹیم، ریمز خریدنی چاہی، لیکن اس کے سفیدفام مالکوں نے تعصب کی وجہ سے ان کی بولی مسترد کر دی۔
اکتوبر 2011ء میں پھر جیگوارز کی فروخت کا معاملہ اٹھا۔ اس بار شاہد خان نے پتے دانش مندی سے کھیلے اور کامیابی پائی۔ اب وہ اپنی فٹ بال ٹیم کو بڑی ٹیموں میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔ اس ضمن میں 30 سالہ بیٹا ٹونی ان کا مددگار ہے۔
شاہدخان کو علم ہے کہ جیگوارز کو بہترین ٹیموں میں شمار کرانا آسان نہیں۔ لیکن وہ امریکا کو مواقع کی جنت سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے ’’آپ وہاں کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ بس ضروری ہے کہ سخت محنت کی جائے اور تھوڑی سی خوش قسمتی بھی ساتھ ہو۔ تب کرشمہ جنم لینا مشکل نہیں۔
[3]
حوالہ جات
ترمیم- ↑
- ↑ "آرکائیو کاپی"۔ 30 دسمبر 2019 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 30 دسمبر 2019
- ↑ "آرکائیو کاپی"۔ 30 دسمبر 2019 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 30 دسمبر 2019