شیخ رفیق احمد
پاکستانی سیاست دان۔ لاہور میں 1923ء میں پیداہوئے۔ اسلامیہ کالج لاہور سے بی۔ اے کیا۔ زمانہ طالب علمی میں پنجاب مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اور آل انڈیا سٹوڈنٹس فیڈریشن کی ورکنگ کمیٹی کے رکن رہے۔ 1946ء میں پنجاب یونیورسٹی لا کالج سے قانون کی ڈگری لی۔ پنجاب میں مسلم لیگ کی سول نارفرمانی کے سلسلے میں کچھ عرصہ نظر بند رہے۔ 1951ء میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لاہور کے جنرل سیکرٹری رہے۔ 1953ء تا 1956ء لاہور میونسپل کارپوریشن کے کونسلر اور 1955ء تا 1957ء کارپوریشن کی سٹینڈنگ فنانس کمیٹی کے چیرمین رہے۔ 1961ء میں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے آنریری سیکرٹری منتخب ہوئے۔ 1968ء میں ایوب خان حکومت کے خلاف ایک جلوس کی قیادت کی پاداش میں کچھ عرصہ قید بند کی سختیاں برداشت کیں۔ 17 دسمبر 1971ء کو پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر لاہور کے ایک حلقے سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 7 فروری 1972ء کو پنجاب اسمبلی کے سپیکر چنے گئے۔ مارچ 1977 کے صوبائی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے اور مارشل لا کے نفاذ تک صوبائی کابینہ میں وزیر رہے۔