صندوق برید
صندوق برید (انگریزی: Post box)، جسے عرف عام میں اس کے انگریزی زبان کے متبادل پوسٹ باکس کے نام سے زیادہ جانا جاتا ہے، عام طور سے ایک بکسا ہوتا ہے جو لال یا ہرے رنگ کا ہوتا ہے۔ اس میں کسی محلے یا علاقے کے لوگ اپنے بھیجے جانے والے خطوط ڈالتے ہیں جسے کسی علاقے کا ملک کے ڈاک نظام کے اہل کار جمع کرتے ہیں۔ ہر خط پر لازم ہے کہ اپنے وزن یا مقام ترسیل کے حساب سے مناسب ڈاک ٹکٹ چسپاں رکھے۔ ایسا نہ ہونے کی صورت میں ڈاک اہل کار یا تو اس خط کو تلف کر دے سکتے ہیں یا جرمانے کے ساتھ خط کو روانہ کر سکتے ہیں۔
حالانکہ صندوق برید صندوق خطوط سے اپنی نوعیت کے لحاظ سے مختلف ہے: جہاں صندوق برید سے ڈاکیاں کھول کر خطوں کو جمع کرتا ہے، وہیں اس کے بر عکس صندوق خطوط ڈاکیے کی جانب سے کسی پتے پر لائے گئے خط جمع ہوتے ہیں، تاہم کچھ لوگ پوسٹ باکس کو لیٹر باکس کے مساوی ہی استعمال کرتے ہیں۔ انٹرنیٹ کی آمد سے پہلے اخبارات میں ضرورت رشتہ، مکان برائے فروخت اور ملازمت کے اشتہار کنندے اپنا پتہ دینے کی بجائے متعلقہ اخبار کا ایک لیٹر باکس کرائے پر لیتے تھے جہاں جوابًا وصول ہونے والے خط جمع ہوتے تھے۔ اسے اشتہارات کے نیچے پوسٹ باکس نمبر (متعلقہ نمبر)، (متعلقہ اخبار) اخبار کے طور شائع کیا جاتا تھا۔ اس کا مقصد عوام الناس سے مشتہر کی شناخت بچانا تھا۔ انٹرنیٹ کی آمد کے بعد یہ کام عند الضرورت تخلیق کردہ گمنام ای میل پتے کے ذریعے کیا جاتا ہے۔