طب نفسی
طب نفسی جس کو انگریزی میں psychiatry کہا جاتا ہے شعبہ طب سے تعلق رکھنے والا ایک اختصاص (speciality) ہے جو نفسیاتی امراض کے مطالعے، انسے بچاؤ، ان کے تعین و تشخیص اور علاج و نوسازی (rehabilitation) سے متعلق ہوا کرتا ہے۔ تاریخی حوالے سے تو نفسیاتی امراض کی اصطلاح ایسی کسی حالت کا تصور اجاگر کرتی ہے جس میں متاثرہ شخصیت کو معمول کے مطابق بھی نہ کہا جا سکتا ہو اور اس کی کوئی وجہ یا نقص (جسمانی) بھی نہ ہو اور ایسی صورت میں اس میں شخص کے نفس کو مریض سمجھا جائے۔ لیکن آج کی سائنسی ترقی نے اس بات کی افادیت کو خاصی حد تک معدوم کر دیا ہے کہ آج کے جدید آلات اور اختبارات (tests) کی بہترین سہولیات کی مدد سے اکثر نفسیاتی کیفیت میں مبتلا شخصیت کے دماغ میں کسی ایسے قابل شناخت فعل کو معلوم کیا جا سکتا ہے کہ جو اپنے معمول سے منحرف ہو۔
یعنی پرانے رجحان یا تصور کے مطابق عقلی بیماری کو نفسیاتی اور دیگر بیماریوں کو طب سے تعلق رکھنے والی جسمانی بیماریاں کہنا علمی اور سائنسی لحاظ سے درست نہیں رہا، اس کے باوجود ابھی تک غالب رجحان ہے۔ جیسا کہ اوپر ذکر آیا کہ نفسیاتی اور دیگر تمام طبی امراض میں بنیادی طور پر کوئی فرق اس کی امراضیات کے لحاظ سے نہیں یعنی ایسا نہیں کہ نفسیاتی مرض کی کوئی وجہ ایسی نہ ہو کہ جو جسم میں پائی جائے یا یوں بھی کہ سکتے ہیں کہ ایسا نہیں کہ ہوتا کہ جسم بشمول دماغ میں کوئی فعلیاتی انحراف یا کوئی بیماری کی وجہ نہ ہو اور کوئی شخص مرض (نفسیاتی یا کوئی دیگر) کا حامل بھی ہو۔