قرآن محل
قرآن محل دارالاحسان کے زیر اہتمام ایک کتب خانہ جس میں صرف قرآن کریم موجود ہیں۔
فیصل آباد کے نواحی علاقے دسوہہ میں واقع قرآن محل ایک ایسا انوکھا کتب خانہ ہے جہاں صرف ایک ہی کتاب کی ہزاروں جلدیں موجود ہیں۔ قرآن محل کی انتظامیہ کے مطابق یہ انکا دعویٰ تو نہیں لیکن دنیا بھر میں ایک ہی جگہ پر قرآن کے نسخوں کی اتنی کثیر تعداد صرف ان کے پاس ہے جو ان کے مطابق 44ہزار کے لگ بھگ ہے۔
یہ قرآن محل ایک صوفی بزرگ ابوانیس محمد برکت علی لدھیانوی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جن کا مزار بھی یہیں موجود ہے۔ انھوں نے اپنی زندگی میں اس کام کا آغاز کیا اور جگہ جگہ سے قرآنِ پاک کے نسخے اکٹھا کرنے شروع کیے۔ نایاب نسخہ جات کے علاوہ قرآن کے ایسے نسخے جو بہت مخدوش حالت میں ہوتے انھیں بھی یہاں پر محفوظ کر دیا جاتا اور یوں انواع اقسام کے قرآنِ پاک کے نسخہ جات کا یہاں ایک ذخیرہ بننا شروع ہوا جو 1997ء میں ابوانیس صوفی برکت علی لدھیانوی کی وفات کے بعد بھی تاحال جاری ہے۔