محمد ابو المظفر المعروف بہ پروفیسر مظفر حنفی ( 1936ء - 2020ء) اردو زبان کے شاعر، ادیب اور نقاد تھے، جنھوں نے شاعری، کہانیاں، طنز، تحقیق، بچوں کے ادب اور تراجم پر کام کیا ہے۔

مظفر حنفی

معلومات شخصیت
باب ادب

ابتدائی زندگی اور تعلیم

ترمیم

پروفیسر مظفر حنفی کا اصل نام محمد ابو المظفر تھا، ان کا آبائی وطن صوبہ اتر پردیش کا "فتح پور ہنسوہ تھا لیکن ان کی پیدائش صوبہ مدھیہ پردیش کے ضلع کھنڈوا میں یکم اپریل سنہ 1936ء کو ہوئی، جہاں ان کے والد عبد القدوس صدیقی ایک سرکاری اسکول میں استاد تھے۔

ابتدائی تعلیم 1940ء میں مدھیہ پردیش کے کھنڈوا اردو اسکول سے شروع ہوئی لیکن 1941ء میں نانیہال "ایرایاں، ضلع فتحپور ہوپی منتقل ہو گئے اور وہاں تعلیم جاری رہی۔ 1946ء میں مڈل اسکول سے ساتویں جماعت اول درجہ سے پاس کیا۔ 1947ء میں دوبارہ کھنڈوا آئے اور وہاں کے ایم ایم اینگلو اسکول میں آٹھویں جماعت میں ضلع کے تمام اسکولوں میں پہلی پوزیشن سے پاس کیا۔ پھر نویں، دسویں اور گیارہویں جماعت کھنڈوہ ہی کے سبھاش ہائی اسکول سے مکمل کرنے کے بعد 1952ء میں ناگپور سکینڈری تعلیمی بورڈ سے ہائر سکینڈری امتحان میں دوسری پوزیشن سے پاس کیا، ادیب ماہر کا امتحان جامعہ اردو علی گڑھ سے دیا، بعد ازاں والد صاحب نے فتحپور سرکاری کالج میں داخل کرا دیا۔

1955ء میں بھوپال کے محکمہ تعلیمات میں تقریباً تین سال تک بحیثیت استاذ ملازمت کی، اس کے بعد شادی کی۔ اس کے ایک سال بعد محکمہ جنگلات میں ملازمت اختیار کر لی۔ البتہ تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بی اے کیا، سیہور سرکاری کالج سے ایل ایل بی اور 1971ء میں سیفیہ کالج بھوپال سے ایم اے مکمل کیا۔ اس کے بعد 1973ء میں برکت اللہ یونیورسٹی بھوپال سے "شاد عارفی" پر سال بھر میں تحقیقی مقالہ مکمل کر کے پی ایچ ڈی مکمل کی۔

عملی زندگی

ترمیم

پروفیسر حنفی نے اپنی عملی زندگی کا آغاز مدھیہ پردیش کے محکمہ جنگلات سے کیا تھا، تاہم اس دوران تعلیم کا سلسلہ بھی جاری تھا۔ تعلیم سے فراغت کے بعد 1974ء میں دہلی گئے اور وہاں NCERT (نیشنل کونسل فار ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ) میں اسسٹنٹ پروڈکشن آفیسر کے طور پر شامل ہوئے۔ 1976ء میں جامعہ ملیہ اسلامیہ، دہلی میں لیکچرر بنے۔ 1989ء میں کلکتہ یونیورسٹی نے انھیں مدعو کیا اور اقبال چیئر پروفیسر کے نام سے ایک معروف عہدے کی پیشکش کی۔  اقبال چیئر کم از کم 12 سال سے خالی تھی اور پروفیسر مظفر حنفی کو پہلی بار 1989ء میں اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ وہ 2001ء میں اقبال چیئر کے پروفیسر سے ریٹائر ہو کر دہلی واپس چلے گئے۔ جہاں انھوں نے باقاعدہ شعر و ادب کی خدمت کے لیے خود کو فارغ اور وقف کیا۔

ادبی زندگی

ترمیم

مظفر حنفی کا تشخص محض شاعر ہی کے طور پر نہیں بلکہ وہ اچھے ایک جینوین شاعر تو تھے ہی مگر ادب کے تناظر میں جب اُن کے کام کا بغور جائزہ لیا جائے تو ان کا ادبی کردار نہایت متنوع ملتا ہے۔ ہر چند کہ انھوں نے بہت شاعری کی مگر یہ بات بھی نوٹ کرنے کی ہے کہ مرحوم نے شعری دُنیا میں اپنا ایک اسلوب اور لہجہ بنایا ہی نہیں بلکہ اس کو پروان بھی چڑھایا ۔ وہ اُردو کے ممتاز تر صاحبِ اسلوب شاد عارفی جیسے شاعر سے متاثر ضرور تھے مگر وہ اس تاثر میں گم نہیں بلکہ عارفی کے اثر سے وہ شاد کام ہوئے۔ واضح رہے کہ شاد عارفی پر اُن کا کام یادگار بلکہ اساسی نوعیت کا حامل ہے۔

اعزازات

ترمیم

مظفر حنفی پر محبوب راہی (بارسی ٹاکلی۔ مہاراشٹر) نے پی ایچ ڈی کی اور یہ تحقیقی مقالہ بھی کتابی صورت(بنام : ڈاکٹر مظفر حنفی: حیات ،شخصیت اور کارنامے) میں چھپا جبکہ ان پر اور بھی کتابیں چھپی ہیں۔ ِ

تصنیفات

ترمیم

ان کی کوئی اسّی کتابیں شائع ہوئیں، جن میں شعری مجموعوں کے چند نام اس طرح ہیں: پانی کی زبان(1967)، تیکھی غزلیں(1968)،صریرِ خامہ(1973)،دیپک راگ(1974)،یم بہ یم(1979)،طلسم ِ حرف(1980)یا اخی(1997) جبکہ ان کا کلیاتِ شعری بھی دو حصوں میں(1۔ کمان،2۔ تیزاب میں تیرتے پھول) طبع ہو چکا ہے۔ انھوں نے نثر میں بھی خاصا سرمایہ چھوڑا ہے مثلاً مظفر حنفی نے شاد عارفی پر جو کام کیا (شاد عارفی: شخصیت اور فن) وہ کتابی شکل میں ہماری نظروں سے گذرا،اس کے ساتھ کلیات ِ شاد عارفی بھی انھوں نے مرتب کیا اور حسرت موہانی ، میر تقی میر اور بنکم چندر چٹر جی پر بھی ان کی کتابیں منظر عام پر آئیں جبکہ1993میں انہو ں نے’غزل‘ کا ایک اہم انتخاب ‘روحِ غزَل‘ کے نام سے ایڈیٹ کیا تھا جو الہ آباد سے شائع بھی ہوا جس میں اُردو دُنیا کے قدیم و جدید دَور کے اکثر شعرا کی غزلیں شامل ہیں۔ ’وضاحتی کتابیات ‘ بھی کئی جِلدوں میں انہی کی مرتب کردہ ہیں۔

’تنقیدی ابعاد‘ کے عنوان سے ان کی ایک کتاب زیور ِ طبع سے آراستہ ہوئی۔ انھوں نے بچوں کے لیے بھی چھ شعری گلستان سجائے اور وہ کتابیں بھی منظرِ عام پر آئیں۔مظفر حنفی کی کتابیں ہندی زبان میں بھی پرکاشِت ہوئیں اور شوق سے پڑھی گئیں۔

مزید دیکھیے

ترمیم

حوالہ جات

ترمیم