ہدایات اور پالیسیاں
ان کا مقصد وجود؟


مندرجات
مضمون نویسی کے بنیادی اصول و ضوابط


طرز عمل
دیگر صارفین سے کیسا برتاؤ رکھیں؟


خلاصہ
اپنی حاصل کردہ معلومات کا جائزہ لیں





آزاد دائرۃ المعارف ویکیپیڈیا کی برادری اس کے مندرجات کی صحت کے لیے ہر لمحہ کوشاں ہے چنانچہ اس نے اپنے طویل تجربات کی روشنی میں ویکی مضامین کی صحت کے تین بنیادی معیار مقرر کیے ہیں: مضامین معتدل نقطہ نظر کے حامل، مصدقہ معلومات پر مشتمل اور محض ان آرا کا بیان ہو جو پہلے سے معتبر مراجع و مصادر کی زینت بن چکے ہیں۔ ان تینوں معیار کی مختصر تشریح حسب ذیل ہے۔


معتدل نقطہ نظر کا مفہوم یہ ہے کہ مضمون کے مندرجات میں تعصب و جانبداری کا ادنیٰ شائبہ تک نہ ہو، انداز پیشکش موضوعی کی بجائے معروضی ہو، نیز حقائق اور مشہور نظریات کے بیان پر پوری توجہ مرکوز رکھی جائے۔ حقائق اور معروضی نقطہ نگاہ کی پابندی سے ویکیپیڈیا کو اشتہاری اور پروپیگنڈا مضامین سے خلاصی مل جاتی ہے۔ کسی مخصوص نقطہ نظر کی حمایت اور موضوعی سچائی کا تذکرہ دائرۃ المعارف کی فطرت کے یکسر خلاف ہے۔


تصدیقیت سے مراد یہ ہے کہ مضامین کے مندرجات ان مراجع سے ماخوذ ہوں جو معتبر ہیں اور شائع ہو چکے ہیں۔ بہتر ہے کہ تمام مندرجات کو قابل اعتماد حوالوں سے مزین کیا جائے لیکن متنازع اور بظاہر بے اصل نظر آنے والے مواد کا حوالہ دینا لازمی ہے۔ بلا حوالہ مواد کسی بھی وقت حذف کیا جا سکتا ہے۔ چنانچہ حوالوں کے اندراج کا لازماً اہتمام کریں۔


ذاتی تحقیق نہیں کا اصول بھی بنیادی نوعیت کا حامل ہے۔ اس اصول کی رو سے مضامین میں ایسے دلائل، افکار و نظریات اور معلومات شامل نہیں کیے جا سکتے جو اب تک کہیں شائع نہیں ہوئے۔ بنیادی طور پر ویکیپیڈیا انسانی معلومات، نظریات اور آرا و افکار کا ایک ریکارڈ ہے لہذا غیر موجود یا غیر شائع شدہ افکار و معلومات کو یہاں رکھنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔