ویکیپیڈیا:منتخب مضامین/2018/ہفتہ 20
میرزا غازی بیگ ترخان (پیدائش:996ھ - وفات: 11 صفر، 1021ھ بمطابق 13 اپریل، 1612ء) سترہویں صدی عیسوی کے ترک النسل، سندھ کے ترخان خاندان کے آخری خودمختار فرماں روا میرزا جانی بیگ ترخان کے فرزند، مغل سلطنت کی طرف سے سندھ (یعنی ٹھٹہ اور بکھر) اور بعد ازاں ملتان بھی ان کی جاگیر میں دے دیا گیا۔ مغل شہنشاہ نورالدین جہانگیر نے انہیں اپنا امیر اور پھر فرزندی کے رتبے پر فائز کیا۔ جہانگیر نے انہیں بغاوت کو کچلنے کے لیے قندھار کی مہم پر روانہ کیا۔ بغاوت کے خاتمے کے بعد انتظامی اصلاحات کے لیے جہانگیر نے میرزا غازی کو قندھار کا صوبہ دار مقرر کیا جہاں انہوں نے قندھار کا انتظامِ حکومت خوش اسلوبی سے انجام دیا۔
میرزا غازی کا شمار فارسی کے قادر الکلام شُعرا میں ہوتاتھا، انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں بہت سے شُعرا و اُدَبا کی سرپرستی کی اور ان کا دربار ہمیشہ شُعرا و اُدَبا سے بھرا رہتا تھا، جن میں نامور شاعر طالب آملی (جو بعد میں جہانگیری دربار کا ملک الشعرا بنا)، معروف مؤرخ اور تاریخ طاہری کے مؤلف میر طاہر محمد نسیانی ٹھٹوی، ملا اسد قصہ خوان، نامور شاعر ملا شیدا اصفہانی، میر بزرگ بن میر محمد معصوم بکھری، شمسائی زریں رقم، میر عبدالباقی، ملا شانی تکلو وغیرہ خاص طور پر مشہور و معروف ہیں۔