ویکیپیڈیا:منتخب مضامین/2023/ہفتہ 29
مالاکنڈ کا محاصرہ، 26 جولائی سے 2 اگست 1897ء تک برطانوی ہند کے شمال مشرقی سرحدی صوبے کے علاقے مالاکنڈ میں برطانوی افواج کے ایک فوجی کیمپ کو اس وقت مقامی پشتون جنگجوؤں کی جانب سے محاصرے کا سامنا کرنا پڑا جب ڈیورنڈ لائن کی وجہ سے بہت سے پشتونوں کی زمین دو ملکوں برطانوی ہند اور افغانستان کے درمیان منقسم ہوکر رہ گئی۔ اس 1519 میل (2445 کلومیٹر) سرحدی تقسیم کو افغان انگریز جنگوں کے بعد بنایا گیا جس کا مقصد برطانوی ہند کو روسی اثرات سے بچانا تھا۔
اس کی وجہ سے پشتون متاثرین میں بے چینی پھیلی اور ایک فقیر سعید اللہ نامی برطانوی افواج کے خلاف کھڑا ہوا اور 10٬000 جنگجوؤں کے ساتھ مالاکنڈ میں برطانوی چھاونی پر حملہ آور ہوا۔ اس جنگ میں برطانوی افواج کی دفاعی حالت انتہائی خراب تھی اور وہ بہت سے چھوٹے ٹکڑوں میں بٹے ہوئے تھے ایک چھوٹی سی چھاونی مالاکنڈ کے جنوب اور ایک چھوٹا قلعہ چکدرہ کے مقام پر واقع تھا اس کے باوجود برطانوی فوجیوں نے اپنے سے کئی گنا بڑے مسلح پشتون دستہ کو چھ دن تک جنگ میں الجھائے رکھا۔