ویکیپیڈیا:منتخب مضامین/2024/دسمبر 23
سری ہرمندر صاحب یا سری دربار صاحب جسے گولڈن ٹیمپل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ایک گردوارہ ہے جو امرتسر، پنجاب، بھارت میں واقع ہے۔ یہ سکھوں کا سب سے مقدس مقام ہے۔ یہ گرودوارہ 1577ء میں گرو رام داس جی کے بنائے ہوئے تالاب کے ارد گرد بنایا گیا ہے۔اس کی بنیاد سائیں میاں میر نے 28 دسمبر 1588ء کو رکھی تھی۔ 1604ء میں گرو ارجن دیو نے آدی گرنتھ کا ایک مخطوطہ یہاں رکھا اور اس جگہ کو "اٹھ سٹھ تیرتھ" کہا۔ دو سال بعد، سری اکال تخت صاحب کا سنگ بنیاد گرو ہرگوبند صاحب نےرکھا۔ اس کے علاوہ سنہ 1757ء، 1762ء اور 1764ء کے افغان حملوں کے دوران میں ہرمندر صاحب کوحملہ آوروں نے تباہ کر دیا تھا۔ بابا دلیپ سنگھ افغان حملے کے دوران میں ہرمندر صاحب کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔
سری ہرمندر صاحب اپنی موجودہ شکل میں مہاراج جسا سنگھ اہلووالیہ کے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وجود میں آیا ہے۔ "سنہری مندر" جیسا کہ ہندی میں جانا جاتا ہے سونے کی اس تہہ کی وجہ سے ہے جسے شیر پنجاب مہاراجہ رنجیت سنگھ نے سنہ 1830ء کی دہائی میں ہرمندر صاحب پر چڑھوایا تھا۔ دور جدید (جسے ساکا نیلا تارا اور تیسرا گھلوگھرا بھی کہا جاتا ہے، اور انگریزی میں آپریشن بلیو اسٹار) میں بھی سری ہرمندر صاحب کی تاریخ کا ایک ایسا دن ہے جسے بھلایا نہیں جا سکتا۔ بھارتی فوج کے ٹینک جرنیل سنگھ بنڈرانوالا کو پکڑنے کے لیے گردورے میں داخل ہوئے، جو حکومت کے مطابق دہشت گرد تھا لیکن بہت سے سکھوں کے لیے شہید سے کم نہیں۔