پاکستان میں زراعت
زراعت کو پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی مانا جاتا ہے کیونکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے۔ یہ براہِ راست پاکستان کی معیشت پر اثر اندازہوتی ہے۔ زراعت کی وجہ سے پاکستان ہر سال کثیر زر مبادلہ کماتا ہے۔ اور دنیا بھر میں خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کرتا ہے۔ پاکستان میں چار موسم گرما، سرما، بہار اور خزاں پائے جاتے ہیں جس کی وجہ سے یہاں پر پھل،سبزیاں،اناج اور خشک میوہ جات کثرت سے پائے جاتے ہیں۔ زراعت پاکستان کی معیشت کا بنیادی ستون ہے۔ پاکستان کی اہم فصلوں میں گندم ، چاول ، مکئی ، گنا، کپاس اور چنا وغیرہ شامل ہیں جو ربیع اور خریف کے موسم میں کاشت کی جاتی ہیں۔ چاول اور گندم پاکستان میں کثیر مقدار میں پائی جانے والی فصلوں میں شامل ہیں ۔ چاول: پنجاب میں چاول کی فصل (20 مئی سے لے کر 15 جون) تک کاشت کی جاتی ہے اور چاول کی پیداوار (50 سے 60 من) فی ایکڑ ہوتی ہے ۔ صوبہ پنجاب میں چاول کی کاشت بہت زیادہ رقبے پر کی جاتی ہے۔ یہاں کے چاول کو دنیا بھر میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہے اور دنیا بھر کے لوگ اسے بہت زیادہ پسند کرتے ہیں۔ گندم: پنجاب میں گندم کی کاشت (20 اکتوبر سے لے کر 30 نومبر) تک کی جاتی ہے اور اس کی پیداوار (40 سے 60 من) فی ایکڑ ہوتی ہے۔ پاکستان گندم کو فروخت کرکے کثیر زر مبادلہ کماتا ہے۔