پاگل عادل آبادی
پاگل عادل آبادی کا حقیقی نام احمد شریف تھا۔ وہ حیدرآباد، بھارت کے مشہور مزاحیہ شاعر تھے۔ انھیں کئی اہم ادبی اور تعلیمی تقاریب میں بطور خاص مدعو کیا گیا تھا۔
احمد شریف | |
---|---|
پیدائش | نظام آباد، تلنگانہ, بھارت |
قلمی نام | پاگل عادل آبادی |
پیشہ | شاعر |
قومیت | بھارتی |
موضوع | مزاح، محبت |
شاعری کا نمونہ
ترمیمانھوں نے کئی مزاحیہ نظمیں لکھی تھیں۔ ذیل میں انھوں نے ہندی فلموں میں محمد رفیع کے گائے مشہور نغمے بابل کی دعائیں لیتی جا کی ایک مزاحیہ پیروڈی "ناکام عاشق کی بددُعا" لکھی ہے:
عاشق کی دعائیں لیتی جا جا تجھ کو پتی کنگال ملے
عاشق کی دعائیں لیتی جا جا تجھ کو پتی کنگال ملے
کھچڑی کی کبھی نہ یاد آئے جا تجھ کو چنے کی دال ملے
عاشق کی دعائیں لیتی جا جا تجھ کو پتی کنگال ملے
ہر سال ہو تیری گود ہری بچے ہوں تجھے دو چار ڈزن
پنکچر ہو ترے ناز و نخرے ہو تیری اداؤں کا ایندھن
تُو بال ہے ٹیبل ٹینس کا جا تجھ کو پتی فُٹ بال ملے
غارت ہو کچن میں حُسن تیرا یہ روپ ہو تیرا باسی کڑھی
چیخے تُو کُڑک مرغی کی طرح ہر ایک منٹ ہر ایک گھڑی
تُو جھڑکیاں کھائے شوہر کی شوہر بھی گرو گھنٹال ملے
عاشق کی دعائیں لیتی جا جا تجھ کو پتی کنگال ملے
گالوں میں ترے پڑ جائیں گڑھے چہرے پہ نکل آئے چیچک
یہ ریشمی زلفیں جھڑ جائیں لگ جائے جوانی میں عینک
سسرا بھی تجھے خوں خوار ملے اور ساس بڑی چنڈال ملے
عاشق کی دعائیں لیتی جا جا تجھ کو پتی کنگال ملے
شوہر ہو ترا لنگڑا لولا ہو عقل سے پیدل چکنا گھڑا
ہو کھال بھی اس کی گینڈے سی ڈامبر سے بھی رنگ پختہ ہو ذرا
کشمیر کی تجھ کو خواہش تھی جا تجھ کو شہر بھوپال ملے
عاشق کی دعائیں لیتی جا جا تجھ کو پتی کنگال ملے
شادی کا کیا مجھ سے وعدہ دھنوان سے شادی کر ڈالی
رَن آؤٹ مجھے کروا ہی دیا اور سنچری اپنی بنوا لی
دل تُو نے جو توڑا پاگل کا جا تجھ کو کوئی قوال ملے[1]